تاجربرادری رضا کارانہ ٹیکس پیکج سے بھر پور فائدہ اٹھائے ،خالد چوہدری

نا ن فائلرز کے لئے دی گئی سہولیات قابلِ ستائش ہیں، امان اللہ چیمہ

اتوار 7 فروری 2016 17:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 فروری۔2016ء ) پاکستان میں آبادی کے تناسب سے ٹیکس گزاروں کی تعداد انتہائی کم ہے۔ 22کروڑ میں سے صرف چھ لاکھ افراد گوشوارے جمع کراتے ہیں۔ حکومت نے گزشتہ بجٹ میں بنک ٹرانزیکشن پر 0.6فی صدٹیکس عائد کیا تھا جس کی وجہ سے کاروبار میں جمود طاری ہو گیا اور تاجر برادری ہڑتال پر چلی گئی ۔ اب حکومت نے رضا کارانہ ٹیکس سکیم متعارف کرائی ہے تاجر برادری اس سے بھر پور فائدہ اٹھائے ان خیالات کا اظہار ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری خالد چوہدری نے ٹریڈرز ویلفیر ایسو سی ایشن ایف ٹین مرکز کے عہدیداروں سے ملاقات میں کیا ۔

انہوں نے مذید کہا کہ نان فائلرز نے بنکوں کے زریعے لین دین بند کر دیا تھا جس سے فائلرز بھی متا ثر ہوئے اب حکومت نے صرف 0.1فی صد ٹیکس کی ادائیگی پر پانچ کروڑ روپے کیپٹل وائٹ کرنے کی پیشکش کی ہے اور تین سال تک کسی قسم کی پوچھ گچھ بھی نہ کی جائے گی اس کے علاوہ کم از کم 30ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہو گا اور صرف پچیس فیصد ٹیکس بڑھانے پر کوئی بھی کیس ٹوٹل آڈٹ میں نہیں آئے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ریٹرن فارم بھی آسان اور صرف ایک صفحہ پر مشتمل ہو گا جبکہ ویلتھ سٹیٹمنٹ دینے کی ضرورت نہیں انہوں نے تمام نان فائلرز سے اپیل کی کہ وہ 29فروری تک اپنے گوشوارے جمع کرائیں اِس میں ان کے اپنے کاروبار کو تحفظ حاصل ہو گا ۔ ٹریڈرز ویلفیر ایسو سی ایشن ایف ٹین مرکز کے صدر امان اللہ چیمہ اور جنرل سیکرٹری عاطف بٹ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رضا کارانہ ٹیکس سکیم کی بھر پور حمایت کی اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں اس سکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے از خود اس سکیم کا اعلان کیا تھا اور سکیم کا بلِ اسمبلی سے پاس کرایا تھا اور اس کی کامیابی کے امکانات بہت زیادہ ہیں ۔ موجودہ حکومت تاجر دوست تصور کی جاتی ہے اور اس سکیم کے اجراء سے ان کی تاجر دوستی ثابت ہو گئی ہے جبکہ تاجر 29فروری سے قبل گوشوارے جمع کراکر حق ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :