نوجوانوں کوہنر مند بناکر ملک میں معاشی انقلاب لایاجاسکتا ہے‘میاں مقصود احمد

وزیراعظم یوتھ سکلڈڈویلپمنٹ کااجراخوش آئند، تمام شہروں میں اسکے مراکز بنائے جائیں‘طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی فنی تربیت بھی انتہائی ضروری ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 7 فروری 2016 17:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ کسی بھی ملک کاسب سے قیمتی اثاثہ ہنرمندنوجوان ہوتے ہیں الحمدﷲ پاکستان افرادی صلاحیت رکھتا ہے‘ملک کی کل آبادی کاتقریباً60فیصدنوجوانوں پرمشتمل حصہ معاشی انقلاب لاسکتا ہے‘اس کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فنی تربیت سے آراستہ کرکے نوجوانوں کو اس قابل بنائے کہ وہ ملک وقوم کابہترمستقبل بن سکیں‘حکمران پڑھے لکھے نوجوانوں کوبے روزگار کرکے ان کی صلاحیتوں کوزنگ آلود کررہے ہیں۔

آٹھ ہزار سے زائد تعداد میں ہر سال اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرکے بیرون ملک کارخ کررہے ہیں جوکہ انتہائی تشویش ناک امر ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ’’وزیراعظم یوتھ سکلڈ ڈوویلپمنٹ‘‘کااجراء اگرچہ اچھا اقدام ہے مگر اس کادائرہ کار پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر تک پھیلایاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے بھرپوراندازمیں استفادہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

نوجوان نسل پاکستان کاحقیقی مستقبل ہے ان کی صحیح رہنمائی اور تربیت کرکے ہی ہم اپنے مستقبل کومحفوظ کرسکتے ہیں۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اس لئے پڑھے لکھے نوجوان گمراہی میں مبتلاہوکر جرائم کی دنیاکی طرف مائل ہورہے ہیں۔حکومت ایسے پروجیکٹس لانچ کرے جن سے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہاکہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت بھی انتہائی ضروری ہے۔جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے ساتھ وطن سے محبت کاجذبہ بھی سرشار رکھنا ہوگا تب ہی ہم اچھے افرادپیداکرسکیں گے۔