بھٹہ مزدورں کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے مفت تعلیمی پیکج پر اپریل سے عملدرآمد کا آغاز ہو گا‘خصوصی پیکج کے تحت بھٹہ مزدور بچوں کو وظائف،مفت تعلیم،کتابیں،یونیفارم ودیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی

صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کا اجلاس سے خطاب

اتوار 7 فروری 2016 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لئے وزیراعلی مفت تعلیمی پیکج کے تحت اپریل سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سیشن سے مفت تعلیم ، کتابیں،اسٹیشنری،یونیفارم ،جوتوں ودیگر سہولتوں کے علاوہ سہ ماہی مرحلوں میں وظائف کی ادئیگی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات مفت تعلیمی پیکج کے حوالے سے کئے جانے والے اقدمات کا جائزہ لینے کے لئے محکمہ لیبر کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لئے صوبائی نمائندوں ،پولیس وانتظامیہ سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے ناسور کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف ذاتی طور پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے مشن کی تکمیل میں جزااور سزا کے نظریے کے تحت اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی پر سخت باز پرس ہو گی۔وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے محکمہ لیبر کے افسران کو ہدایت کی کہ بھٹہ خشت کے علاوہ ہوٹلوں،ورکشاپس اور دیگر مقامات پر بھی چائلڈ لیبر کے یقینی خاتمے کے لئے جامع منصوبہ تیار کرکے اس ضمن میں حتمی سفارشات تیس روز کے اندر مکمل کر لی جائیں،جن کی حتمی منظوری وزیراعلی محمد شہباز شریف دیں گے۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بھٹہ مزدورں کے بچوں کے لئے مفت تعلیمی پیکج پر عملدرآمد کے لئے محکمہ لیبر، لٹریسی ودیگر متعلقہ محکمے مربوط رابطے اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ضروری اقدمات یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے والے بھٹہ مزدور والدین کو بھی1000روپے ہر تعلیمی سیشن کے آغاز میں حوصلہ افزائی کے طور پر دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :