موجودہ حکمرانوں نے ملک کو ترقی نہیں تباہی کے راستے پر گامزن کر دیا‘ شیخ رشید

بد قسمتی سے عوام انہی حکمرانوں سے درد کی دوا مانگ رہے ہیں جو انہیں زخم دے رہے ہیں‘ سربراہ عوامی مسلم لیگ

اتوار 7 فروری 2016 16:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 فروری۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہ کر کے اربوں روپے کما لئے ہیں،ملک میں ہر طرف بھوک اور ننگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں،بد قسمتی سے اس ملک میں آج تک بڑے آدمیوں کا احتساب نہیں ہوا ۔

ایک انٹر ویو میں شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو ترقی نہیں تباہی کے راستے پر گامزن کر دیاہے ۔ عوام اگر اپنے حقوق کیلئے نہ اٹھے تو ہماری آنے والی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں کہ عمران خان کھرا اور سچا انسان ہے ۔ سدا وقت ایک جیسانہیں رہے گا اور یہاں بڑا کچھ بدلے گا ۔

(جاری ہے)

شفاف کرپشن کرنے والوں کے گرد ضرور شکنجہ تیار ہوگا اور ان کی پکڑ ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو حالات چل رہے ہیں انہیں معمول کے مطابق نہ لیا جائے ۔ عزیر بلوچ کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے بڑھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجکاری کی آڑ میں جو کھیل کھیلنے جارہی ہے اس کا پردہ چاک ہوگا ۔ صرف چار سے پانچ روز میں ایک حکومتی وزیر کی ائیرلائن نے ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کروڑ وں کما لئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے عوام انہی حکمرانوں سے درد کی دوا مانگ رہے ہیں جو انہیں زخم دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :