Live Updates

حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے : عمران خان، بلوچستان کے عوام کو بنیادی حقوق دلانے کیلئے میدان میں آگیا ہوں :چیئرمین تحریک انصاف کا ڈیرہ مراد جمالی میں جلسے سے خطاب

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 7 فروری 2016 16:32

حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے : عمران خان، بلوچستان کے ..

ڈیرہ مراد جمالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 7فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کیلئے میدان میں آگیا ہوں ، ڈیرہ مراد جمالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سردار یار محمد رند آپ کے لوگ آپ سے پیار کرتے ہیں ، اللہ ان کو عزت دیتا ہے جو عوام کی عزت کرتے ہیں ، یار محمد رند نے مجھ سے وعدہ لیا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو حقوق دیں گے ، میں بطور ایک مسلمان آپ سے وعدہ کرتا ہوں اللہ کا ارشاد ہے کہ میں نے تمہیں پیدا کیا میری زمین پر انصاف کرو ، اللہ نے ہمیں ایک مقصد کیلئے پیدا کیا اور وہ مقصد ہے کہ ہم انصاف کریں ، میں بلوچستان کے لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ ہوں اور آپ کو ان ظالموں کا مقابلہ کر کے دکھائوں گا ۔

(جاری ہے)

عمران نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 بہت دور کی بات ہے ، نواز حکومت اتنی دیر نہیں چل سکتی ، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ چھوٹے صوبوں میں کتنا ظلم ہوتا ہے ، آپ لوگوں کو پانی کا حق نہیں ملا ، پختونخوا کے لوگوں کو پانی نہیں ملتا ، نواز شریف نے میٹرو کی بجائے نہر بنائی ہوتی تو اس سے لوگوں کو زراعت میں فائدہ ہوتا ۔ انہوں نے دو سو ارب روپے اس پر ضائع کر دیا اور لوگوں کو پاگل بنایا ۔

عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج جمہوریت کا حق ہے ، ہم نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کیخلاف آواز اٹھائی ، جب ہمیں انصاف نہیں ملا تب ہم نے دھرنا دیا ، ایک سال تک سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا ، انہوں نے کہا کہ آج پی آئی اے کے لوگ احتجاج کر رہے ہیں تو یہ ان کا حق ہے ، ان پر کوئی گولی نہیں چلا سکتا ، ان کا مستقبل خطرے میں ہے ۔ نجکاری کیوں کی جا رہی ہے ، جب بھی کسی ادارے کی نجکاری کی جاتی ہے تو اس میں سو بار احتیاط کی جاتی ہے ۔

حکومت نے پی آئی اے کی مینجمنٹ میں کیوں بہتری پیدا نہیں کی ، پاکستان سٹیل مل تو حکومت نے بند کروا دی مگر ان کی اپنی ذاتی سٹیل مل جدہ میں منافع کمارہی ہے ، اسے کیوں بند نہیں کیا جا رہا ۔ عمران خان نے کہا کہ دس سال قبل سٹیل مل منافع میں تھی اور پیسے کما رہی تھی ، حکمرانوں کی پالیسی ہے کہ پہلے کسی ادارے میں اپنے بندے بٹھاتے ہیں ، اس کو لوٹتے ہیں اور اس کے بعد اس کو بند کر دیتے ہیں ۔

پختونخوا میں بھی ہم نے دو سال تک اداروں کی بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھیں اور ہسپتالوں کو نجی شعبے میں دینے کی بجائے انتظامی تبدیلیاں کیں تاکہ لوگوں کو بہتر علاج مل سکے ، میرا آج آپ لوگوں سے وعدہ ہے کہ ہم صوبے کے وسائل آپ پر خرچ کریں گے تاکہ آپ کے مسائل کا خاتمہ ہو ۔ عمران خان نے کہا کہ ہم اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے تاکہ عوام کا پیسہ کوئی ہڑپ نہ کرسکے ۔

ان کی رقم ان پر ہی خرچ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی بجائے حکومت کو چاہیئے تھا کہ وہ بلوچستان تک سڑک بناتے تاکہ پورے ملک کے شہروں سے بلوچستان کا رابطہ جڑجاتا ، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ نواز شریف لوگوں کو بتائیں کہ اصل روٹ کیا ہے ، جب وزیر اعظم چین جائیں تو کے پی کے کے وزیر اعلیٰ کو ساتھ لے کر جائیں اپنے بھائی ، بھائی کے بیٹے کو ساتھ نہ لے کر جائیں ، انہوں نے کہا کہ میں آپ کو پانچ مطالبات دیتا ہوں ، سب سے پہلے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے حساب تیل کی قیمتوں میں ککمی کی جائے، پٹرول 5 اور ڈیزل 20 روپے کم کیا جائے ، سوئی گیس پر انفراسٹرکچر ٹیکس کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے ، بجلی پر لگائے گئے تینوں نئے واپس لئے جائیں جس سے بجلی تین روپے یونٹ کم ہوگی ، فوری طور پر اداروں کی مینجمنٹ ٹھیک کی جائے پیشہ ورانہ افراد کو سامنے لائیں ، جو مزدور سٹیل مل میں ہیں اور ان کو تنخواہیں نہیں ملیں ان کو فوری طور پر تنخواہیں دی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی اصلاح سے قوم کو ٹیکسوں کی مد میں اربوں کی بچت ہوگی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات