کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر خود کش حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، اعجاز ہاشمی

اتوار 7 فروری 2016 14:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر خود کش حملے کو دشمن کی بزدلانہ کارروائی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کی کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کے شکار دہشت گرد آخری سانسیں لے رہے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی کامیابی اور بلوچستان میں بہتر ہوتا ہوا امن بھی ملک دشمنوں کی نظروں میں کھٹک رہا ہے۔

اسی لئے دہشت گردی کے واقعات کروائے جارہے ہیں۔جے یو پی بلوچستان کے صدرمولانا عبدالمجیدجتک سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ملک دشمن شرپسند وں کے سوائے تمام بلوچ عوام محب وطن پاکستانی ہیں۔ جنہوں نے ملکی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرکے دہشت گرد قوم کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں، مگر یہ ناکام رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا ملک اور قو م کا مفاد مقدم رکھ کر حکومت اور عسکری اداروں کو دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ قوم کی ترقی دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام ہی میں ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے خود کش حملے میں شہید ہونے والوں کے سوگوارخاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی میں قربانیوں کا دور آتا رہتا ہے۔ لیکن جو سپوت پاکستان کی مقدس سرزمین کے تحفظ کے لئے قربان ہوئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔

متعلقہ عنوان :