پی آئی اے کے معاملے پر ملک کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ، حکومت ضد پر اڑی ہوئی ہے‘ مذاکرات کی بجائے مار دھاڑ کی گئی جس سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں‘ دو جانیں گئیں تعزیت کرنے کی بجائے میاں صاحب کی زبان میں سختی آگئی‘ ساہیوال کول پاور پروجیکٹ سے مقامی لوگوں کو زہر دیا جارہا ہے‘ اﷲ تعالیٰ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا قد اور بڑھائے ‘ وزیراعظم مجھ پر الزامات کی تردید کریں ‘ جن 36خطوط کی بات کی گئی وہ آئین کی بالادستی کیلئے لکھے تھے‘ ہر انسان کا اپنا ظرف ہوتا ہے‘ وزراء جیسی زبان استعمال نہیں کرنا چاہتا‘ پی آئی اے سے متعلق بل جلدبازی میں منظور کرایا گیا، سی پیک منصوبے کے 200ارب روپے صرف اورنج لائن ٹرین پر خرچ کئے جارہے ہیں

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 7 فروری 2016 14:33

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے معاملے پر ملک کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے لیکن حکومت ضد پر اڑی ہوئی ہے‘ مذاکرات کی بجائے مار دھاڑ کی گئی جس سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں‘ دو جانیں گئیں تعزیت کرنے کی بجائے میاں صاحب کی زبان میں سختی آگئی‘ ساہیوال کول پاور پروجیکٹ سے مقامی لوگوں کو زہر دیا جارہا ہے‘ دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا قد اور بڑھائے ‘ وزیراعظم مجھ پر الزامات کی تردید کریں ‘ جن 36خطوط کی بات کی گئی وہ آئین کی بالادستی کیلئے لکھے تھے‘ ہر انسان کا اپنا ظرف ہوتا ہے‘ وزراء جیسی زبان استعمال نہیں کرنا چاہتا‘ پی آئی اے سے متعلق بل جلدبازی میں منظور کرایا گیا، سی پیک منصوبے کے 200ارب روپے صرف اورنج لائن ٹرین پر خرچ کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے معاملے میں ڈائیلاگ کے بجائے ماردھاڑ ہوئی اور قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہاہے لیکن حکومت اپنی ضد پر اڑی ہوئی ہے، ہم نے پیشکش کی تھی کہ بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالاجائے۔ انہوں نے کہا کہ قرض اتاروملک سنواروسکیم کے مقابلے میں پاکستان پردوگنا قرضہ چڑھ چکاہے، پی آئی اے کے معاملے پر وزیراعظم کا منتظرہوں کہ وہ کب پارلیمنٹ میں آئیں گے‘ وزیراعظم سے بات کرنے کے لئے ان کے پارلیمنٹ میں آنے کا منتظر ہوں۔

وزیراعظم کے منہ سے نکلی بات حتمی ہوتی ہے مجھ پر وزراء کے لگائے گئے الزامات بھی پارلیمنٹ میں وزیراعظم کی موجودگی میں دونگا۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیرداخلہ کے معاملے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا لیکن وزیراعظم مجھ پر الزامات کی تردید کریں جن چھتیس خطوط کی بات کی گئی وہ آئین کی بالادستی کے لئے لکھے گئے۔ وزراء جیسی زبان استعمال کررہے ہیں ویسی نہیں کررہا ہر انسان کا ظرف ہوتا ہے ‘ کیچڑ کو کیچڑ سے صاف نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر قوم کا سربراہ ہوتا ہے خاص کر جب وہ وزیراعظم بن جائے کمزور پر لاٹھی اور طاقت ور سے مذاکرات جمہوری روایات سے برعکس ہیں۔ میاں صاحب نے کہا تھا کہ آخری شخص ہوں گا جو پی آئی اے کی نجکاری کرے گا۔ دو جانیں گئیں لیکن تعزیت کرنے کی بجائے میاں صاحب کی زبان میں سختی آئی ۔ پاکستان کی ترقی کسان کی فصل کی قیمت اور نوجوان کے روزگار سے وابستہ ہے۔

کول پروجیکٹ سے ساہیوال کے لوگوں کو زہر دیا جارہا ہے حکومت نے ڈیزل پر 64.5فیصد ٹیکس لگا رکھا ہے بھارت میں پٹرول مہنگا سہی لیکن ڈیزل پاکستان سے دس روپے سستا ہے۔ وہاں کسان کو فائدہ دیا جاتا ہے یہاں کسان پر ٹیکسز لگائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی قرضوں کا حجم ساڑھے چار ہزار بلین تک پہنچ گیا ہے۔ سی پیک کے دو سو ارب صرف اورنج ٹرین پر خرچ ہورہے ہیں۔