Live Updates

چین کے 46 ارب ڈالر سرمایہ کاری نہیں قرضہ ہیں‘ نواز شریف کے عوامی منصوبوں میں ذاتی فائدے ہوتے ہیں‘ پی آئی اے کا مسئلہ حکومت نے پیدا کیا حکومت کو ہی ختم کرنا پڑے گا‘ نواز شریف نجکاری میں اپنوں کو نواز رہے ہیں‘ بلوچستان میں حالات بہتر ہونے میں وقت لگے گا‘ ‘ جب تک پولیس کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جاسکتی وزیراعظم جمہوری حکومت نہیں بادشاہت کرتے ہیں‘نواز شریف کی حکومت جب بھی آتی ہے پنجاب کیخلاف نفرتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی بلوچستان روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 7 فروری 2016 14:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چین کے 46 ارب ڈالر سرمایہ کاری نہیں قرضہ ہیں‘ نواز شریف کے عوامی منصوبوں میں ذاتی فائدے ہوتے ہیں‘ پی آئی اے کا مسئلہ حکومت نے پیدا کیا حکومت کو ہی ختم کرنا پڑے گا‘ نواز شریف نجکاری میں اپنوں کو نواز رہے ہیں‘ بلوچستان میں حالات بہتر ہونے میں وقت لگے گا‘ ‘ جب تک پولیس کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جاسکتی وزیراعظم جمہوری حکومت نہیں بادشاہت کرتے ہیں‘نواز شریف کی حکومت جب بھی آتی ہے پنجاب کیخلاف نفرتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

وہ اتوار کو بلوچستان روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے کے مسئلے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، نوازشریف اگرمسئلے کو صحیح طرح ہینڈل کرتے تو یہ نقصان نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا معاملہ پارلیمنٹ میں آتا تو ڈیڈ لاک ہی نہ ہوتا، ڈیڈ لاک نواز حکومت کی وجہ سے پیدا ہوا ہے لہذا اب مسئلہ حل کرنا بھی ان کی ہی ذمہ داری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، دونوں بھائی کسی کواعتماد میں لئے بغیر خود ہی فیصلے کرلیتے ہیں، ان کی وجہ سے ہی ملک کے دیگر حصوں میں پنجاب کے خلاف نفرت بڑھتی ہے، سی پیک منصوبے پر تمام لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے سی پیک کے نام پر 46 ارب کے قرضے لئے ہوئے ہیں جس میں سے 80 فیصد رقم توانائی کے منصوبوں کے لئے ہے، حکومت نے عوام پر 51 فیصد سیلز ٹیکس لگایا ہوا ہے، نواز شریف کے عوامی منصوبوں میں ذاتی فائدے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا، پولیس کو ٹھیک کیا جائے کیونکہ پولیس کے بغیر جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔ ملک میں حکومت کی وجہ سے کرائسز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں جرائم کی شرح سب سے کم ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ پولیس اور فوج جیتے گی، نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرامد کیا جائے، حکومت کی وجہ سے پی آئی اے کا مسئلہ پیدا ہوا، نجکاری سے عوام کو فائدہ ہونا چاہئے اپنوں کو نہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھاکہ ِپاکستان کی ا سٹیل مل بند ہے مگر میاں صاحب کی جدہ اسٹیل مل نفع میں جارہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے کو نقصان ہو رہا ہے مگر حکومت کو قومی ادارے کی تباہی کی کوئی فکر نہیں ، پی آئی اے نجکاری کا معاملہ اگر پارلیمنٹ میں آتا تو ڈیڈ لاک پیدا نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور پی آئی اے ملازمین سے مذاکرات شروع کرے۔ ملازمین کے مسائل حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت نے 51فیصد سیلز ٹیکس لگایا ہوا ہے، نوازشریف عوامی منصوبوں کے نام پر ذاتی فوائد حاصل کر تے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات