ٹیوٹانے پہلے مرحلے میں 13,000غیر مستند افرادی قوت کواستاد شاگرد نظام کے تحت ہنر مندی کے سرٹیفکیٹ جاری کر دئیے

دوسرے مرحلے میں غیر مستند افرادکی رجسٹریشن 14,000تک بڑھا دی گئی ہے،مزید 8نئے ٹریڈز بھی شامل کر لئے گئے ‘ چیئر مین ٹیوٹا

اتوار 7 فروری 2016 12:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 فروری۔2016ء ) ٹیوٹانے پہلے مرحلے میں 13,000غیر مستند افرادی قوت کواستاد شاگرد نظام کے تحت ہنر مندی کے سرٹیفکیٹ جاری کر دئیے،پہلے مرحلے کی شاندار کامیابی کے بعد دوسرے مرحلے میں بھی غیر مستند افرادکی رجسٹریشن 14,000تک بڑھا دی گئی ہے،اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں15ٹریڈز میں غیر مستند افرادی قوت کی رجسٹریشن کی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 8نئے ٹریڈز بھی شامل کئے جا چکے ہیں۔

ان خیالات کااظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے استاد شاگرد نظام کے تحت شارٹ کورسز کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،ٹیوٹا افسران اظہر اقبال شاد، اختر عباس بھروانہ، مقصود احمد ،مصطفی کمال پاشا، فاروق احمد چیمہ، عائشہ قاضی، سرفراز انور اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت غیر مستند افرادی قوت کومتعلقہ ٹریڈ میں تھیوری اور پریکٹیکل ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ سرٹیفکیٹ جاری کرتا ہے۔ اس پروگرام کوملکی و بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ہرغیر مستند ہنر مندافراد متعلقہ ٹریڈ میں رجسٹریشن حاصل کر سکتے ہیں۔

چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت غیر مستند افرادنے ٹیوٹا اداروں سے تربیت حاصل نہیں کی انکومفت رجسٹریشن کے ذریعے سرکاری سرٹیفکیٹ فراہم کیا جاتاہے۔23 کورسز آٹو الیکٹریشن ، آٹو کیڈ (سول) ،مشین ایمبرائیڈری، میسن ، پلمبر اور سینیٹری انسٹالر ،الیکٹریشن، آٹو مکینک (پٹرول) ، ٹیلرنگ، سٹیل فکسر ، ویلڈر، مشینسٹ، موٹر سائیکل مکینک ، ایچ وی اے سی آر،بیوٹیشن ، بلڈنگ پینٹر ، فیشن ڈیزائنگ، موبائل ریپرئیرنگ ، جنریٹر ریپر ئیرنگ، ٹیکسٹائل سپننگ مشین آپریٹر، یو پی ایس ریپر ئیرنگ ٹیکنیشن ، ڈومیسٹک کوکنگ، شیف اور کچن ہیلپر میں اس پروگرام کے تحت رجسٹریشن کی جاتی ہے۔

ٹیوٹا کاسرٹیفکیٹ ملنے پران افراد کو مقامی و بین الاقوامی سطح پر مصدقہ ہنر مند افرادی قوت کے طور پر قبول کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :