حکومتی کوششیں رنگ لے آئیں، پی ائی اے کا فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال

2 بوئنگ 777 طیارے بینظیرایئرپورٹ سے جدہ روانہ ،سیکڑوں معتمرین کو واپس لائیں گے پروازوں کا تمام عملہ اور گراؤنڈ اسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے، ترجمان پی آئی اے

اتوار 7 فروری 2016 11:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 فروری۔2016ء ) حکومتی کوششوں کے باعث قومی ایئر لائن کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ۔ حکومت 6 روز کی کوششوں کے بعد پی آئی اے کا اندرون اور بیرون ملک فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔ اتوار کی علی الصبح قومی ایئر لائن کے 2 بوئنگ 777 طیارے راولپنڈی کے بینظیرایئرپورٹ سے جدہ روانہ ہوئے جو وہاں موجود سیکڑوں معتمرین کو واپس لائیں گے۔

جدہ جانے والی پرواز پی کے 7329 کو کیپٹن آصف گیلانی اور کیپٹن طارق چوہدری جب کہ پی کے 741 کو کیپٹن میاں طاہر ریحان اور کیپٹن لیاقت حسین اڑا رہے تھے۔ راولپنڈی سے ہی پی آئی اے کی پرواز پی کے 606 مسافروں کو لے کر گلگت پہنچ گئی ۔ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جدہ اور گلگت جانے والی پروازوں کا تمام عملہ اور گراؤنڈ اسٹاف قومی ایئر لائن سے ہی تعلق رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ پی آئی اے کے عملے سے اپیل کرتے ہیں وہ غیر مشروط طور پر اپنے فرائض دوبارہ سنبھال لیں۔ دوسری جانب ملک کے دیگر ہوائی اڈوں سے پی آئی اے کا فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل رہا۔ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر، رحیم یار خان اور ملتان کے ہوائی اڈوں سے قومی ایئر لائن کی کوئی ملکی یا غیر ملکی پرواز اڑان نہ بھر سکی ۔

متعلقہ عنوان :