سازش کے تحت کوئٹہ اور پشاور کو بارود کا ڈھیر بنایاجارہا ہے ،انجینئرزمرک خان اچکزئی

اس طرح کے واقعات سے ہم نہ پہلے مرعوب تھے اور نہ آئندہ ہونگے ،گوادرکاشغر اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں بے گناہ انسانوں کا قتل اسلامی روایات کے منافی ہے،اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے حکومت کو سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے ہونگے،خصوصی گفتگو

ہفتہ 6 فروری 2016 22:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 فروری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے کوئٹہ میں خودکش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت کوئٹہ اور پشاور کو بارود کا ڈھیر بنایاجارہا ہے اور اس طرح کے واقعات سے ہم نہ پہلے مرعوب تھے اور نہ آئندہ ہونگے گوادرکاشغر اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں بے گناہ انسانوں کا قتل اسلامی روایات کے منافی ہے اور اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے حکومت کو سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ایک منصوبے کے تحت تباہ کیا جارہا ہے اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کئی فورسز کے اہلکار اور عام لوگ دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے ایک طرف امن وامان کے حوالے سے دعوے کرکے تھکتے نہیں تو دوسری طرف بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں حکمرانوں کو عوام کے مرنے سے کیا تعلق وہ تو اقتدار کے مزے لے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ جو لوگ کوئٹہ کو اپنا شہر سمجھ کر اپوزیشن میں رہتے ہوئے دعوے کرتے تھے کہ اقتدار ملے تو کوئٹہ شہر کو امن وامان کا گہوارہ بنائیں گے لیکن اب وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور بے گناہ لوگوں کو ان کے سامنے نشانہ بنایاجارہا ہے اور وہ صرف مذمتی بیانات تک محدود ہیں انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے پہلے بھی قربانیاں دیں اور آئندہ بھی قربانیاں دیتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا خیال ہے کہ کوئٹہ اور پشاور میں حالات خراب کرکے گوادر کاشغر روٹ کا رخ پنجاب کی طرف کریں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہوگی اور ہم ان عزائم کو کسی بھی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے

متعلقہ عنوان :