Live Updates

تحریک انصاف پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں لوگوں کواکھٹا کرنے میں ناکام، چند شہروں کے علاوہ دیگر علاقوں میں لوگوں نے عمران خان کی احتجاج کی کال مسترد کردی

عمران خان پورے ملک کے عوام کی حمایت کے تاثر کو سچ ثابت نہ کرسکے ، عمران خان کے اچانک کراچی چلے جانے پر وفاقی دارالحکومت کے کارکنوں میں مایوسی

ہفتہ 6 فروری 2016 22:22

کراچی / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف پی آئی اے کی نجکاری ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب حد تک کمی نہ کئے جانے کے خلاف اعلان کردہ احتجاجی مظاہروں میں بڑی تعداد میں لوگوں کواکھٹا کرنے میں ناکام ہوگئی ،،صرف کراچی ،پشاور اور اسلام آباد کے علاوہ کسی شہر میں لوگ عمران خان کی کال پر سڑکوں پر نہ نکلے اور انکی احتجاج کی کال کو بلاواسطہ طور پرمسترد کردیا،عمران خان پورے ملک کی عوام کی جانب سے حمایت کے تاثر کو سچ ثابت کرنے میں ناکام رہے،تین شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں بھی لوگوں کی انتہائی کم تعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھاکہ پی آئی اے کی نجکاری ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب حد تک کمی نہ کئے جانے کے خلاف ملک بھر میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں گے جن میں ہزاروں افراد شرکت کریں گے تاہم عمران خان کا یہ دعویٰ اس وقت غلط ثابت ہوگیا جب صرف تین شہروں کراچی ،پشاور اور اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں میں عوام سڑکوں پرنہ نکلے جس سے یہ ثابت ہوگیا کہ 2014 کے احتجاجی دھرنے کے بعد عوام عمران خان سے مایوس ہوچکے ہیں اور انکی کسی بھی کال پر اس طرح ردعمل ظاہر نہیں کرتے جیسا کہ انھوں نے ڈی چوک دھرنوں میں کیا تھا۔

(جاری ہے)

عمران خان کی کال پر جن شہروں میں مظاہرے ہوئے وہاں پر بھی شرکاء کی تعداد انتہائی کم دیکھنے میں آئی ۔عمران خان نے اسلام آبادکے آبپارہ چوک میں بھی چھ فروری کو مظاہرے میں خود شرکت کا اعلان کیا تھا تاہم وہ اچانک کراچی چلے گئے جس کے باعث کارکنوں میں مایوسی پھیل گئی اور مظاہرے کے شرکاء کی تعداد توقعات سے بہت کم نظر آئی ۔مظاہرے سے پی ٹی آئی رہنما سیف اﷲ نیازی نے خطاب کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین کراچی پہنچنے کے بعد ائیرپورٹ سے سیدھے پی آئی اے ہیڈکوارٹر زگئے جہاں انھوں نے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مظاہرے میں شرکت کی اور شرکا ء سے خطاب کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات