نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ شہبازشریف

نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے وضع کردہ پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تعلیمی اداروں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے، بچوں کو محفوظ ماحول میں زیور علم سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھانا ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس سے خطاب ڈویژنل ہیڈکوارٹرزکے تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت

ہفتہ 6 فروری 2016 19:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کیلئے وضع کردہ پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے،سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں وضع کردہ سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے،متعلقہ حکام وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کا باقاعدگی سے خود جائزہ لیں،نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ ہدایات یہاں سول سیکرٹریٹ، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔کانفرنس کے دوران صوبے کے تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو محفوظ ماحول میں زیور علم سے آراستہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھانا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد دہشت گردی کا بیانیہ مرتب کرنے کیلئے تشکیل دی جانے والی کمیٹی اپنا کام جلد مکمل کرے۔ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں موجود تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کمیٹیوں کے اراکین اپنے متعلقہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں سکیورٹی پلان کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گے۔

اجلاس کے دوران اے اور اے پلس کیٹیگری کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، رانا مشہود احمد، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈی سی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے متعلقہ ڈویژن اور اضلاع سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :