Live Updates

بندوق اور لازمی سروسز ایکٹ کی تلوار کے ساتھ مسائل حل نہیں ہوتے ،عمران خان

پر امن احتجاج جمہوریت میں ہر شہری کا حق ہے،ایئرپورٹ فائرنگ واقعہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،چیئرمین تحریک انصاف وزیراعظم کو پی آئی اے کی نجکاری پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا ،جمہوریت ڈنڈے اور بندوق سے نہیں چلتی،کراچی ایئرپورٹ پر ملازمین سے خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 19:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بندوق اور لازمی سروسز ایکٹ کی تلوار کے ساتھ مسائل حل نہیں ہوتے ۔پر امن احتجاج جمہوریت میں ہر شہری کا حق ہے ۔پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم جلد از جلد جوڈیشل کمیشن قائم کریں اور ملزمان کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دلائیں ۔

پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے ۔ہفتہ کراچی پہنچنے کے بعد پی آئی اے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایئرپورٹ پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم پی آئی اے ملازمین سے بات چیت کرکے مسائل کو حل کریں کیونکہ فلائٹ آپریشن بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج جمہوریت میں ہر شہری کا حق ہے ۔جمہوریت ڈنڈے اور بندوق سے نہیں چلتی ہے ۔پی آئی اے کے پرامن ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کی لیے وزیراعظم جلد ازجلد جوڈیشل کمیشن قائم کریں اور ملزمان کو پکڑ کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے اور 4 لاپتا ملازمین کو فوری بازیاب کرایا جائے۔ گولیاں چلانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو پی آئی اے کی نجکاری پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا ۔اس موقع پرعمران خان نے جاں بحق ملازمین کے لئے فاتح خوانی بھی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات