حکمران پی آئی اے کے معاملے میں سرد مہری دکھا رہے ہیں‘ قومی اداروں کی نجکاری ملکی وقومی مفاد نہیں ،حکمرانوں کو اپنی ظالمانہ پالیسیاں تبدیل کرنی ہوں گی

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو کا بیان

ہفتہ 6 فروری 2016 19:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ حکمران پی آئی اے کے معاملے میں سرد مہری دکھا رہے ہیں، پی آئی اے سے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اُن کے معاش سارا دارومدار واحد پی آئی اے ملازمت ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میاں برادران نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا اور ہٹ دھرمی اُن کا وطیرہ بن گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پی آئی اے کے مسئلے کو مسلسل لٹکا رہی ہے جس سے پی آئی اے سے وابستہ ملازمین، مسافر اور تاجر متاثر ہو رہے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت کو بھی کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک میں افراتفری مچا رکھی ہے ہر طبقہ فکر حکومت کی پالیسیوں سے تنگ ہے۔ حکمرانوں کو اپنی ظالمانہ پالیسیاں تبدیل کرنی ہوں گی۔ قومی اداروں کی نجکاری ملکی وقومی مفاد نہیں ہے، حکومت پی آئی اے سمیت دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری کے فیصلے کوفوری واپس لے، انہوں نے کہاکہ حکومت کو سانحہ ماڈل ٹاؤن سے سبق سیکھنا چاہیے تھا۔ لیکن زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ماضی کی غلطیاں دہرا رہی ہے جو کسی طور بھی جمہوریت کے حق میں نہیں ہے۔