محکمہ جنگلی حیات کی اینٹی سمگلنگ ٹیم کی کارروائی ، کچھوے بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

لاہور ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران چینی باشندے سے 22 کچھوے برآمد،ایک لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرلیا کچھوے لاہور سفاری زو پارک بجھوا دئیے، چھاپہ مار ٹیم کو شاباش،جنگلی حیات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائینگے‘ ڈی جی جنگلی حیات

ہفتہ 6 فروری 2016 19:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء ) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد ایاز خان کی تشکیل دی گئی اینٹی سمگلنگ ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنگلی حیات شکور منج کی سربراہی میں کسٹم حکام کی معاونت سے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے ایک چینی باشندے ری ہانگ کے سامان سے 22 کچھوے برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چینی باشندہ ری ہانگ پاسپورٹ نمبرG24793530 غیر قانونی طور پر 22 کچھوے کولمبو لے جانا چاہتا تھاکہ محکمہ جنگلی حیات لاہور ریجن کی اینٹی سمگلنگ ٹیم اور کسٹم حکام کی مشترکہ کارروائی کے دوران چیکنگ پر ملزم کے سامان سے 22 کچھوے ،3750 پاکستانی روپے،ایک ہزار ڈالراور 300 یوآن برآمد کر لیے۔محکمہ جنگلی حیات کی اینٹی سمگلنگ ٹیم نے کچھوے ضبط کرکے لاہور سفاری زو پارک بھجوا دئیے ہیں اور ملزم سے ایک لاکھ روپے جرمانہ / محکمانہ معاوضہ وصول کر لیا ہے۔

کچھوے سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی اطلاع پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات وپارکس پنجاب خالد ایاز خان نے چھاپہ مار ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران واہلکاران کو تعریفی اسناد ونقد انعامات دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :