Live Updates

عمران خان نے پی آئی اے ملازمین فائرنگ واقعہ کی عدالتی تحقیقات اور لازمی سروسز ایکٹ کی فوری واپسی کا مطالبہ کردیا

احتجاج کرنا پی آئی اے ملازمین کا حق ہے،وزیراعظم بندوق کے استعمال کی بجائے پی آئی اے ملازمین سے بات چیت کرکے مسئلے کا حل نکالیں،تحریک انصاف پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر مظاہرین کے ساتھ کھڑی ہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکراچی میں پی آئی اے ملازمین کے دھرنے سے خطاب

ہفتہ 6 فروری 2016 18:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم فوری طورپر لازمی سروسز ایکٹ واپس لے،احتجاج کرنا پی آئی اے ملازمین کا حق ہے،وزیراعظم بندوق کے استعمال کی بجائے پی آئی اے ملازمین سے بات چیت کرکے مسئلے کا حل نکالیں،تحریک انصاف پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر مظاہرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

وہ ہفتہ کو کراچی میں پی آئی اے ملازمین کے دھرنے سے خطاب کررہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ اگر پرامن احتجاج میں فائرنگ ہوتو سب کو ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا لیکن اسمبلی میں بلڈوز کرکے بل پاس کروایا گیا،ہم نے تیاری کی تھی کہ پی آئی اے کی نجکاری کے بغیر ادارے کو کیسے بہتر کہا جاسکتاہے لیکن اسمبلی میں یہ موقع ہی نہیں آنے دیا گیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف پی آئی اے مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے،بندوق اورلازمی سروسز ایکٹ کی تلوار لٹکا کرمسائل حل نہیں ہوتے،ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکمران آمریت کی گود میں پلے بٖڑھے ہیں،انہیں جمہوریت کی سمجھ نہیں،ڈنڈے اوربندوق سے جمہوریت نہیں چلتی،نوازشریف فوری طورپر پی آئی اے ملازمین سے بات کریں تاکہ مسافر متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہاکہ احتجاج پی آئی اے ملازمین کا حق ہے اوران ملازمین پر گولیاں چلانا غیرقانونی ہے،انسان سیاسی ہوتے ہیں،غیرسیاسی تو جانورہوتے ہیں۔آج پی آئی اے ملازمین ہیں تو کل کسی اور کی باری ہوگی،پی آئی اے کو جان بوجھ کر تباہ کیا جارہاہے تاکہ نجکاری کی جاسکے،کوئی خیرات کیلئے پی آئی اے نہیں خریدے گا،انہوں نے کہا کہ جدہ میں ان کی اپنی سٹیل مل چل رہی ہے،پاکستان سٹیل مل بند پڑی ہے،موجودہ حکمران خود کو بڑے تجربہ کار کہتے ہیں اگر اتنے ہی تجربہ کار ہیں تو پاکستان سٹیل مل کیوں بند پڑی ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات