قومی ورثہ قوموں کے شاندار ماضی کا آئینہ ہوتا ہے ،نواز لیگ نے اورنج لائن کی آڑ میں لاہور کا قومی اثاثہ سنگسار کر دیا‘ مخدوم احمد محمود

الیکشن کمیشن نے سیاسی دباؤ پر مخصو ص نشستوں پر انتخابات کو ملتوی کیے ، نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی میں فیصلے کو رکاوٹ نہیں بننے دینگے

ہفتہ 6 فروری 2016 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) پاکستا ن پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ قومی ورثہ قوموں کے شاندار ماضی کا آئینہ ہوتا ہے ،نواز لیگ نے اورنج لائن کی آڑ میں لاہور کا قومی اثاثہ سنگسار کر دیا،نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی میں الیکشن کے فیصلے کو رکاؤٹ نہیں بننے دیں گے الیکشن کمیشن غیر جانبداری کی بجائے سیاسی دباؤ میں آکر مخصوص نشستوں پر الیکشن نہیں کرا رہا۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ مشترکہ بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے پر تعجب ہوا ہے ور بلدیاتی الیکشن کے مراحل مکمل نہ ہونے پر عوام میں بھی شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر انتخابات کو سیاسی دباؤ کے تحت ملتوی کیا ہے لیکن ہم نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی میں الیکشن کے فیصلے کو رکاؤٹ نہیں بننے دیں گے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے الیکشن کے انعقاد کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی فیصلے کے بغیر ہی الیکشن ملتوی کرنا عوام کے ساتھ زیادتی ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی تمام پالیسیاں عوامی مفادات سے متصادم ہیں اور نواز لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب نے تین سال پورے ہونے پر تاحال قوم کو کوئی خوشخبری نہیں دی بلکہ ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہی کیا ہے پٹرول، مٹی کے تیل کی قیمتوں کا مسئلہ ہو یا قومی اداروں کی ادنے پونے داموں نجکاری کا عالمی ایجنڈا، نواز لیگ ان تمام سیکٹرز میں تباہی و بربادی کا پیغام ثابت ہوئی ہے۔

ان تمام عوام دشمن اقدامات کے بعد اب نواز لیگ نے صدیوں پرانا قومی ورثہ یعنی قدیم لاہور کی جڑوں میں تیزاب پاشی شروع کر دی ہے اور اگر اسے نہ روکا گیا تو عوام اپنی ملازمتوں، کاروبار، گھروں اور دوکانوں سمیت تاریخی ورثے سے جلد ہاتھ دھو بیٹھیں گے انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ،پالیمنٹرین اور رہنما مسلسل قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والی نواز لیگ کی پالیسیوں کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں جبکہ دوسری جماعتیں صرف اپنے اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں مگن ہیں اور اسی وجہ سے نواز لیگ ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے متنازعہ اورنج لائن منصوبے پر اقوام متحدہ نے بھی سرخ لکیر لگا دی ہے لیکن ایسی کیا وجہ ہے کہ ملک میں اس حوالے سے نواز لیگ کو کھلی چھوٹ ہے کہ وہ جس طرح چاہے ملک و قوم کی غیر ت کا سودا آئی ایم ایف سے کرے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ لاہور کے متنازعہ اورنج لائن منصوبے کی آڑ میں قدیم لاہور کے تاریخی حسن کو مسمار بلکہ سنگسار کیا جا رہا ہے جو قوم کی اجتماعی بے عزتی ہے آخر قومی غیرت اور احساس بھی کوئی شے ہوتی ہے اور قومی ورثہ ہی قوموں کے شاندار ماضی کا آئینہ ہوتا ہے جسے نواز لیگ تار تار کر رہی ہے۔