دنیا بھر میں عسکری جدوجہد کے ذریعے مسائل کے حل کا وقت اب ختم ہوچکا ہے ‘مولانا فضل الرحمن

ہفتہ 6 فروری 2016 15:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عسکریت سے مسائل حل نہیں ہوتے اور دنیا بھر میں عسکری جدوجہد کے ذریعے مسائل کے حل کا وقت اب ختم ہوچکا ہے ،کشمیر کی آزادی کی سیاسی جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہم جاری رکھیں گے ۔دہشت گردی نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا اور پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر ریڈیو کے پروگرام میں میزبان سعید الرحمان صدیقی کے سوالات کے جوابات کے موقع پر کیا ،انہوں نے کہا کہ 1993سے پارلیمنٹ قومی کشمیر کمیٹی کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر آواز اٹھاتی آئی ہے اس دفعہ یوم یکجہتی کشمیر پر پوری کمیٹی کا مظفرآباد آنا دراصل مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستانی پارلیمنٹ کشمیری عوام کی جدوجہد کی پشت پر ہے ،اور کشمیریوں کے ان کے بنیادی حقوق ملنے پر ان کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کو ان کی مرضی اور منشاء کے عین مطابق حقوق دینے کا حامی ہے ،بھارت کو آزادی پسند کشمیریوں کی مقدس جدوجہد کو دہشت گردی سے منصوب نہیں کرنا چاہیے ،کشمیری عوام کی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد میں قربانیاں بے مثال ہیں اور ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور جب تک کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کی نعمت سے ہمکنار نہیں ہوجاتا انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کا وہی حل قابل قبول ہو گا جو کشمیری عوام چاہیں گے ہم کشمیری عوام کو ہر موقع پر ترجیح دیں گے ،ان سے ہمارا انمٹ رشتہ ہے دریں اثناء چیئرمین کشمیرکمیٹی مولانا فضل الرحمان نے آزادکشمیر ریڈیو کے شجر کاری میلے میں بھی شرکت کی ،اور ائیرو کیریا کا پودا بھی لگایا اس موقع پر ان کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام آزادکشمیرکے مولانا سعید یوسف ، سیکرٹری پبلک سروس کمیشن مفتی محمد ابراہیم عزیز ،محکمہ جنگلات کے ناظم اعلی ڈاکٹر شفیق الرحمان ،سٹیشن ڈائریکٹر لائق زادہ لائق ،جمعیت علماء اسلام کے نائب امیر قاری عبدالمالک ،ڈی ایف او جنگلات سید مقبول شاہ ،سینئر صحافی سرفراز میر ،عبدالواجد خان ،راجہ عدیل و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :