Live Updates

پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے ،عمران خان کا مطالبہ

ہفتہ 6 فروری 2016 14:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی کی نجکاری کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے ،ہفتہ کے روز بنی گالہ سے کراچی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں انتہائی خطرناک ہیں، دنیا بھر کی فلاحی حکومتیں امیروں سے ٹیکس لے کرعوام پرخرچ کرتی ہے لیکن پاکستان میں غریبوں پر ٹیکس کا بوجھ ڈالا جارہا ہے اور امیروں کو چھوٹ دی جارہی ہے۔

ڈیزل پر 98 فیصد ٹیکس لیا جارہا ہے۔ 200 ارب روپے کے قرضے سے اورنج لائن بنائی جارہی ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ نجکاری ہر مسئلے کا حل نہیں، اس سے صرف انتظامیہ بدلے گی، کسی بھی ادارے کی نجکاری سے پہلے عوامی فورم پر اس سلسلے میں مشاورت ہونی چاہیے، اپوزیشن کا کام ہے کہ حکومت سے سوال کرے، پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث ہی نہیں لایا گیا۔

(جاری ہے)

آخر پی آئی اے کی نجکاری کی ضرورت کیوں پیش آرہی ہے،پی آئی اے کے ملازمین پر گولیاں چلائی گئیں جس پر افسوس ہوا ہے،پاک چین اقتصادی راہداری کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ حکومت نے اس اہم منصوبے پرچھوٹے صوبوں کو اعتماد میں نہ لے کر متنازع کردیا ہے۔اس سلسلے میں وہ کل پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات