بھارت اپنے فضائی اڈوں کو محفوظ بنانے کیلئے ایک کھرب 28 ارب روپے سے زائد خرچ کرے گا،

بھارتی فضائیہ کے 295 اڈوں میں سے 54 کو ہائی الرٹ کردیا گیا، زیادہ اڈے پاکستانی سرحد کے ساتھ مغربی سیکٹر میں ہیں:بھارتی جریدے کی رپورٹ

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 6 فروری 2016 11:10

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 06 فروری۔2015ء) پٹھان کوٹ میں بھارتی فضائیہ کے ایک اڈاے پر حملے کے بعد بھارتی وزارت دفاع نے ممکنہ حملوں کے پیش نظرایک جامع منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت بھارت اپنے فضائی اڈوں کو محفوظ بنانے کیلئے ایک کھرب 28 ارب روپے سے زائد خرچ کرے گا،بھارتی فضائیہ کے 295 اڈوں میں سے 54 کو ہائی الرٹ کردیا گیا، ان میں زیادہ تر اڈے پاکستانی سرحد کے ساتھ مغربی سیکٹر میں ہیں۔

پٹھان کوٹ حملے کے بعد قائم سیکورٹی آڈٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فضائیہ کو اپنے اڈوں کو محفوظ بنانے کیلئے ایک عشاریہ23 ارب ڈالر خرچ کرنے کی ضرورت ہے جس سے فضائی نگرانی نظام، ڈرونز اور دخل اندازی کی نشاندہی کیلئے جدید آلات حاصل کرے گا۔بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیردفاع نے حملے کے دو دن بعد سیکورٹی آڈٹ کی ہدایات دیں تھیں۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ 54 بڑے اڈوں کی سیکورٹی اقدامات کیلئے 100 سے 150کروڑ روپے ہراڈاے پر خرچ کرنے ہوں گے یہ پہلا فیز ہو گا اس کے بعد دیگر تنصیبات کی سیکورٹی کے اقدامات کئے جائیں گے۔پہلے فیز پر 5400سے 8100کروڑ بھارتی روپے خرچ ہوں گے۔ بھارتی فضائیہ حکومت کو جامع سیکورٹی سفارشات پیش کرے گی جن میں اڈوں کے سیکورٹی گارڈ کی تعداد میں اضافہ بھی شامل ہوگا۔

جریدے کے مطابق بھارتی ائیر فورس نے مغربی سیکٹر میں اپنے 20 سے زائد اڈوں کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ کسی بھی دخل اندازی کی صورت میں ہدف کو دیکھتے ساتھ ہی تباہ کردیا جائے۔ سیکورٹی رپورٹ کے بعد جن فضائی اڈوں کو ہائی الرٹ کیا گیا ان میں اونتی پور، سرینگر، آدمپور، ہلوارا، چندی گڑھ، امبالا اور ہنڈن ائیر بیس بھی شامل ہیں۔ بھارت کی295فضائی تنصیبات میں سے54 کی نشاندہی کی گئی جن میں سیکورٹی بہت کم ہیں ان میں زیادہ تر مغربی،مشرقی اور جنوبی فضائی اڈے ہیں ان سب کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔فضائیہ نے مرکزی حکومت سے اڈوں کے گرد تجاوزات ختم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

متعلقہ عنوان :