مرحومہ مصورہ لبنیٰ آغا کے زندگی بھر فن پاروں کی نمائش پیر سے شروع ہوگی

رنگون والا سینٹر کی وی ایم گیلری میں 3 مارچ تک نمائش جاری رہے گی، 10 فروری کو سمپوزیم بھی منعقد ہوگا

جمعہ 5 فروری 2016 21:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) مرحومہ مصورہ لبنیٰ آغا کی زندگی کے نادر فن پاروں کی نمائش بعنوان 'میرا ایک مکمل راستہ' وی ایم آرٹ گیلری میں منعقد کی جارہی ہے۔ نمائش کا افتتاحی استقبالیہ بروز پیر مورخہ 8 فروری کو شام 5 بجے شروع ہوگا۔ عظیم آرٹسٹ لبنیٰ آغا آرٹ کے منظر نامے میں سال 1971 میں منظر عام پر اس وقت آئیں جب انہوں نے آرٹس کونسل میں پاکستانی خواتین مصوروں کے درمیان غیرمشابہ تجریدی تحریک کی بنیاد رکھی۔

ان کے مشہور فن پاروں کی سیریز "سفید میں پینٹنگز" تھیں۔ 80 کی دہائی کے اوائل میں وہ آرٹ اسکول میں داخلے کے لئے امریکہ چلی گئیں جہاں انہوں نے قیام کیا اور مختلف نمائشوں کا انعقاد کیا۔ وہ اپنے فن پاروں کی نمائش کے لئے اکثر وطن آتی رہتی تھیں۔

(جاری ہے)

اس نمائش میں ان کے فن پاروں کی ایک بڑی تعداد وہ ہے جن کی اس سے قبل پاکستان میں نمائش نہیں ہوئی ہے اور وہ فن پارے امریکہ سے خصوصی طور پر منگوائے گئے ہیں۔

نمائش کے لئے ان کی مختلف پینٹنگز جمع کرنے والے آرٹ کے مقامی شائقین نے بھی تعاون کیا ہے۔ لبنیٰ آغا کی زندگی بھر کے فن پاروں میں ان کے اوائل زندگی سے لیکر ان کے تازہ ترین اسلامی فن پارے تک شامل ہیں۔ آرٹ گیلری کی مہتمم رفعت علوی بتاتی ہیں، " لبنیٰ آغا کے زندگی بھر کے فن پاروں کی نمائش کا مقصد ان کے متحرک جذبے اور ان کے بہترین کام کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ وہ چار دہائیوں تک جرات کے ساتھ اپنے متعین راستوں پر تیزی سے آگے بڑھتی رہیں اور سال 2012 میں اس جہان فانی سے رخصت ہوگئیں۔ " یہ نمائش 3 مارچ تک جاری رہے گا۔ نمائش کے ساتھ ہی رنگون والا سینٹر کی وی ایم گیلری میں 10فروری کو بروز بدھ لبنیٰ آغا کے آرٹ کے کام پر خصوصی سپموزیم منعقد کیا جائے گا۔