ایئر پورٹ پر ہونے والے سانحہ کے ذمہ داران کے تعین کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، یونس خان بونیری

جمعہ 5 فروری 2016 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر ہونے والے سانحہ کے ذمہ داران کے تعین کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے طویل جلاوطنی کاٹنے کے باوجود بھی وفاقی حکومت کے وزراء کی گردن سے سریہ باہر نہیں نکل پایا ہے جس انداز سے معاملات کو ہینڈل کیا گیا وہ انتہائی ا فسوس ناک ہے عوامی نیشنل پارٹی پی آئی اے ملازمین سے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے مقتولین کے لواحقین کو انصاف دلوانے کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے بد ترین جبر نے آمرانہ ادوار کو بھی شرمادیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ائرپورٹ پر پی آئی اے ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی کیمپ کے دورے پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات حمید اﷲ خٹک،صوبائی لیبر سیکریٹری سیف الرحمان کنڈی ،سالار کچکول خان ،صوبائی نائب صدور ثواب زرین ،کلچرل سیکریٹری نور اﷲ اچکزئی ،عثمان غنی ،عبدالقیوم سالارزئی،احسان خان،نصیب اورکزئی ،شاہ محمد سلیمان خیل سمیت دیگر رہنماء اور کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے مذید کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت ایک دوسرے پر ملبہ ڈانے کی کوششوں میں مصروف ہیں پوائنٹ اسکورنگ اور الزام تراشیوں کے ذریعے دونوں حکومتیں اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہونے کی کوشش کرہی ہیں پر امن اور نہتے ملازمین پر گولیاں چلانا،لاٹھیاں اور ڈنڈے برسانا اور صحافیوں پر تشدد کرنا انتہائی شرم ناک ہے ، افسوس کی بات ہے کہ واقعہ پوری دنیا کے سامنے رونماء ہوا اور پی آئی اے ملازمین کو ایف آئی آر کے اندراج کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا ،ہم المناک انسانی واقعہ پر سیاست نہیں کرنا چاہتے مگر مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لیے اپنا کردار ضرور ادا کرنا چاہتے ہیں اور ظالم سے ظلم کا حساب لینے کے آواز ضرور اٹھانا چاہتے ہیں۔