پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے ، تمام ممالک سے دوستانہ اور برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہش مند ہے ، سردار محمد یوسف

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قرار داد پر عمل درآمد کرائے ۔5 فروری کا دن منانے کا مقصد کشمیری عوا م کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ، وفاقی وزیر مذہبی امور

جمعہ 5 فروری 2016 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور تمام ممالک سے دوستانہ اور برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہش مند ہے ۔ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں اور آئندہ بھی کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی ۔

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قرار داد پر عمل درآمد کرائے ۔5 فروری کا دن منانے کا مقصد کشمیری عوا م کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کے تحت مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امو رکو مذاکرات سے حل کرنا چاہتی ہے ۔

اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان رشتے بہت مضبوط ہیں اور ہم کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو منانے کا مقصد نئی نسل کو کشمیر کے مسئلے سے آگاہ کرنا ہے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر کس طرح اجاگر کیا ہے ، اسے پوری قوم نے سراہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ہی کشمیر کا مسئلہ پرامن طور پر حل کرنے میں کی جانے والی کوششیں کامیاب ہوں گی ۔ اجتماع سے مسلم لیگی رہنماؤں نہال ہاشمی ،شاہ محمد شاہ ،عرفان اﷲ مروت ،خواجہ طارق نذیر اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کشمیری عوام کی جدوجہد کو سراہتی ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق حل کیا جائے ۔