بھارت طاقت کے نشے میں بد مست ہو چکا ہے،کسی قوم کے جذبہ آزادی کو طاقت کے زور پر نہیں دبایا جاسکتا،ڈاکٹر ضمیر

پاکستان عوامی تحریک کے یوم یکجہتی کشمیر واک سے کراچی پریس کلب پر ڈاکٹر ضمیر،سید علی اوسط،راؤ کامران محمودودیگر کا خطاب

جمعہ 5 فروری 2016 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے ذیر اہتمام آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور مظلوم نہتے کشمیری مسلمانوں پر بد ترین مظالم اور اب تک ایک لاکھ سے زائد کشمیری مسلمانوں کی شہادت کے خلاف کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان عوامی تحریک نے ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی ۔

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر واک فوارہ چوک تا کراچی پریس کلب کیا گیاجس میں پاکستان عوامی تحریک کے قائدین،کشمیری نمائندوں کے علاوہ کثیر تعداد میں مردو خواتین بچے شریک ہوئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے PATمرکزی کور کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کسی قوم کے جذبہ آزادی کو طاقت کے زور پر نہیں دبایا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

بھارت کشمیر میں مظلوم نہتے مسلمانوں پر مظالم بند کرے ۔اگر انڈیا نے کشمیر میں مداخلت بند کی تو کشمیری قوم کا جذبہ آزادی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھے گا۔انھوں نے کہا مسئلہ کشمیر سرد خانے کی نظر ہونا کمزور خارجہ پالیسی کا شاخسانہ ہے۔انھوں نے کہا مسئلہ کشمیر موجودہ حکمرانوں کے ایجنڈے میں ہی نہیں ہے حکمران قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں ۔

PATکراچی کے صدر سید علی اوسط نے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت طاقت کے نشے میں بد مست ہو چکا ہے،انڈیا کے ہاتھ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا بھارت مسلسل کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکدار کہاں ہیں انھیں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی نظر کیوں نہیں آرہی۔انھوں نے کہا بین الاقوامی تنازعات کے حل اور پاکستان کا مقدمہ جاندار طریقے سے عالمی سطح پر لڑنے کیلئے طاہر القادری سے بہتر کوئی لیڈر نہیں۔

مسئلہ کشمیر اگر حل کرنا ہے تو موجودہ حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہو گا۔PATکراچی کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ اور OICمسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔انھوں نے کہا ظلم ،ظلم ہے وہ چاہے کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ہو یا سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نہتے عوام پر ہو مظالم ڈھانے والے سن لیں ہر اندھیری رات کے بعد صبح ضرور ہوتی ہے مظالم ڈھانے والوں کو جواب دینا ہو گا۔

انھوں نے مطالبہ کیا بھارت انڈیا سے فی الفور اپنی فوج کو نکالے ۔اور کشمیریوں کو انکا حق آزادی دیا جائے۔رانی ارشد نے کہا کشمیر کے بغیر پاکستان نا مکمل ہے۔تکمیل پاکستان کیلئے کشمیر کی آزادی نا گزیر ہے ۔اس احتجاجی واک سے پاکستان عوامی تحریک کے قائدین،قاضی زاہد حسین،ظہیر اختر،قیصر اقبال قادری،شہزاد میرٹھی،اطہر جاوید صدیقی،مشتاق صدیقی،عدنان رؤف انقلابی،نعیم انصاری،،راؤ محمد طیب،علامہ عطاء الرحمان بٹ،ارم قیصر،بشیر خان مروت ،فہیم لودھی نے بھی خطاب کیا۔

یکجہتی کشمیر واک میں پاکستان عوامی تحریک،عوامی یوتھ ونگ،مینارٹی ونگ،PATلیبر ونگ،وومن ونگ کے علاوہ طلبا اور چائیلڈ ونگ کے قائدین و کارکنان کے علاوہ کشمیری جماعتوں کے نمائندے و قائدین اور کشمیری عوام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :