وزیراعلیٰ سندھ سے امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ کی ملاقات

علاقے میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں گی، وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 5 فروری 2016 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے کراچی میں متعین امریکہ کے قونصل جنرل برائن ہیتھ اور ڈپٹی مشن اور ڈائریکٹریو ایس ایڈ (USAIDاور سندھ اور بلوچستان کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کریک بک نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقعہ پر صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈھر اور سیکریٹری صحت سعید منگنیجو بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے امریکہ کی جانب سے جیکب آبادمیں 150بستروں پر مشتمل شاندار اسپتال تعمیر کرنے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں گی اور سول اسپتال جیکب آباد پر سے بھی مریضوں کا بڑھتا ہوا دباؤ کم ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں قائم اسپتال کیلئے مزید300 اسٹاف کی تعیناتی بشمول ڈاکٹر، پیرامیڈیکل اسٹاف، اسپیشلسٹ اور دیگر سمیت طبی سہولیات مہیا کرنے کیلئے بھی سندھ حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

امریکی قونصل جنرل نے سندھ حکومت کو اسپتال کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز بنانے کا بھی مشورہ دیا۔جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے انکو بتایا کہ وزیر صحت کی سربراہی میں بورڈ آف گورننس تشکیل دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے تھر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یو ایس ایڈ تھر میں غذائی قلت پر جلد کام شروع کریگی اور تھر میں صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ جیکب آباد اسپتال کی ورکنگ سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے امریکی قونصل جنرل اور یو ایس ایڈ کے پی ڈی کو بتایا کہ سندھ حکومت نے تھر میں بے انتہا کام کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ تین چار سالوں سے تھر میں رہنے والے غریب لوگوں کو مفت گندم فراہم کی جا رہی ہے اورمحدود وسائل کے باوجود اب تک سندھ حکومت اربوں روپے کی مفت گندم تھر کے غریب عوام میں مفت تقسیم کرچکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مٹھی میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال تمام تر ضروری سہولیات اور عملے کے ساتھ تھر کے عوام کی خدمت میں مصروف ہے، اس کے علاوہ تھر کے مختلف اضلاع میں موبائیل ٹیمیں لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر میں میگاپروجیکٹس شروع ہونے سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور علاقے میں لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کے علاقے میں سڑکوں کا بہترین نیٹ ورک بچھایا گیا ہے جن سے علاقے کے لوگوں کو مواصلات کی بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تھر کی صورتحال کی بہتری اور علاقے کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کا سماجی اور ثقافتی مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر میں شادیاں، بغیر وقفہ کے بچوں کی پیدائش اور ماؤں میں خوراک کی کمی کے باعث مائیں اور بچے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان مسائل کے دائمی حل کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 400آر او پلانٹس نصب کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کیلئے400آر او پلانٹس ناکافی ہیں اور ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کم از کم700آر او پلانٹس کی ضرورت ہے۔ امریکہ کے قونصل جنرل اور یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹرز نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :