کراچی سمیت پورے صوبہ میں امن و امان کے قیام سے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم ہوا ہے جس کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں‘آپریشن اپنے منطقی انجام تک بلا تفریق جاری رہے گا

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کی انسداد دہشتگردی اور خصوصی سیکیورٹی کمیٹی کے 5 رکنی وفد سے ملاقات میں بات چیت

جمعہ 5 فروری 2016 20:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی سمیت پورے صوبہ میں امن و امان کے قیام سے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم ہوا ہے جس کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کی انسداد دہشت گردی اور خصوصی سیکیورٹی کمیٹی کے 5 رکنی وفد سے ملاقات کے دورن کیا جس نے کمیٹی کے چیئرمین عبدالوہاب کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی آپریشن کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور شہر قائد صحیح معنوں میں ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جا رہا ہے جہاں تجارتی اور تفریحی سرگرمیوں بلا خوف و خطرجاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ تاجر اور صنعت کاروں خصوصاً امن و امان کی صورتحال کے باعث بہت زیادہ مشکلات کا شکار تھے اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں دہشت گردوں ، بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور اغواء برائے تاوان میں ملوث مجرمان کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس میں شہر میں آباد تمام افراد نے بلامشروط تعاون کیا کیونکہ ہم سب اپنے شہر، صوبہ اور ملک کو امن و امان کا گہوارہ دیکھنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے جسے کسی بھی صورت دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک بلا تفریق جاری رہے گا۔ فیڈریشن کی کمیٹی کے چیئرمین عبدالوہات نے شہر اور صوبہ میں امن وامان کے قیام کے لئے گورنر سندھ کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ گورنر سندھ کی ذاتی دلچسپی کے باعث نہ صرف کراچی سمیت پورے سندھ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک نئی صنعتوں کے قیام سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوئے ہیں وفد میں حارث نواز، یاسمین حسنین، روزینہ جلال اور غزالہ احمد شامل تھے۔