اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلائے ،کشمیری قوم اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مشتاق احمد غنی

تقسیم ہند کے وقت ایک سازش کے تحت کثیر مسلم آبادی والے علاقوں کو پاکستان سے جدا کر دیا گیا جن میں کشمیر بھی شامل ہے لیکن آج بھی کشمیری قوم کے دل پاکستانی قوم کے ساتھ ڈھرکتے ہیں اور بھارت کے غاضبانہ قبضے سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں ، کشمیریوں کی آزادی ان کا حق ہے اور آزادی کے اس مطالبہ پر پاکستان کی سیاسی قیادت اور قوم متفق ہیں ،پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واک نکالی گئی

جمعہ 5 فروری 2016 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلائے، کشمیری قوم اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1سٹی ،پشاور میں منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاورریاض خان محسود، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے عہدیدار پرویز احمد ایڈووکیٹ، محمد شفیع ڈار، خیبر پختونخوا کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، انجمن تاجران پشاور کے صدر شاہد خان کے علاوہ سکھ برادری کے نمائندوں سمیت طلباء و طالبات اور عوام علاقہ کی کثیرتعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا کہنا تھا کہ تقسیم ہند کے وقت ایک سازش کے تحت کثیر مسلم آبادی والے علاقوں کو پاکستان سے جدا کر دیا گیا جن میں کشمیر بھی شامل ہے لیکن آج بھی کشمیری قوم کے دل پاکستانی قوم کے ساتھ ڈھرکتے ہیں اور بھارت کے غاضبانہ قبضے سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں ، کشمیریوں کی آزادی ان کا حق ہے اور آزادی کے اس مطالبہ پر پاکستان کی سیاسی قیادت اور قوم متفق ہیں اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے لیکن بد قسمتی سے مرکزی حکومت مظلوم کشمیری عوام کے حق کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ لیڈر قوموں کیلئے کھڑے ہوتے ہیں بھاگا نہیں کرتے ہیں، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور ہمیں کشمیر کی آزادی کی جنگ سفارتی سطح سمیت ہر طریقے سے لڑنا ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت کے کشمیری عوام پر مظالم سے ان کو نجات دلانا بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے عالمی دنیا کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم یکجہتی ہر سال ملک بھر میں منایا جاتاہے اور آج کی صوبائی حکومت کی تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا کے عوام اپنی کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تقریب کے ختتام پر کشمیریوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مشتاق احمد غنی کی قیادت میں جی ٹی روڈ پشاور پر واک بھی کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور، حریت کانفرنس کے عہدیداروں سمیت عوام علاقہ نے شرکت کی۔ واک میں کشمیر کی آزادی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرے نے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔