جدید ٹیکنالوجی کا استعمال،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سب سے آگے

یوم کشمیر کی تعطیل کے باوجود میٹرو ریل کے اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی جاری رہی

جمعہ 5 فروری 2016 19:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نہ صرف خود سرکاری فرائض کی انجام دہی میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں بلکہ پنجاب کے سرکاری محکموں کے حکام بھی عوام کو سہولتوں کی بروقت فراہمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں جس سے نہ صرف قیمتی وقت بلکہ ایندھن کی خاطرخواہ بچت ہونے کے ساتھ سرکاری امور کی موثر مانیٹرنگ میں بھی مدد ملتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے اراضی مالکان کو ان کی جائیداد وں کے معاوضے کی ادائیگی کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا ہے اور اس جدید نظام کے ذریعے وزیراعلیٰ نے آج اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے بنائے گئے تینوں مراکز سے بیک وقت براہ راست رابطہ کیا اور سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے انجینئرنگ یونیورسٹی، ٹھوکر نیاز بیگ اور گورنمنٹ کالج گراؤنڈ، جین مندر کے ادائیگی مراکز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بیک وقت براہ راست رابطہ کرکے ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا اور وہاں موجود اراضی مالکان سے براہ راست گفتگو کرکے ادائیگی کے عمل کا فیڈبیک حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ نے یوم کشمیر کی تعطیل کے باوجود اراضی مالکان کو ان کی جائیدادوں کے معاوضے کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھنے پر سیاسی و انتظامی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ تعطیل کے باوجود آپ کا اپنے بہن بھائیوں کیلئے کام کرنا ایک عبادت سے کم نہیں اور یہ ایک قومی خدمت ہے۔