نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام سندھ بھر میں یکجہتی کشمیرکارواں اور ریلیوں کا انعقاد

جمعہ 5 فروری 2016 18:52

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 فروری۔2016ء) نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یکجہتی کشمیرکارواں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیاجن میں اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ہزاروں طلباء کے علاوہ سیاسی ، سماجی و مذہبی رہنماوٴں کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالہ سے تحریریں درج تھیں۔ریلی کے شرکاء کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پرجوش انداز میں کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ اور کشمیربنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے تھے۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام اندرون سندھ کی بڑی ریلی سکھر میں نکالی گئی۔

(جاری ہے)

یہ ریلی بعد نماز جمعہ مارچ بازار سے شروع ہوکر گھنٹہ گھر چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب سکھر پر اختتام پذیر ہوئی۔ پریس کلب پہنچنے پر ریلی ایک جلسہ کی صورت اختیار کرگئی۔اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل سکھر کے ذمہ دار حنظلہ اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم کشمیر کی مناسبت سے آج ملک بھر میں پوری قوم ہندوستانی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ کشمیر بنے گا پاکستان اور کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ۔

انہوں نے کہا کہ 70سال گزر گئے مختلف حکومتیں آئیں مگر کشمیر میں قتل و غارت گری کا سلسلہ نہیں رکا۔کشمیریوں نے 70 سال سے جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اورتحریک آزادی کو اپنی قربانیوں کے ساتھ زندہ رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہرشخص سیاسی اعتبارسے گہری نظر رکھتا ہے۔آج طے کریں کہ اگر بھارتی سیاسی جماعتوں اور فوج کا ایک موقف ہے تو کشمیر پر سے بھارتی قبضہ چھڑانے کے لئے ہمارا موٴقف ایک کیوں نہیں۔

میں اپیل کرتا ہوں کہ کشمیر کے مسئلہ کو متنازعہ نہ بنایاجائے۔قوم کے جذبات کی ترجمانی کی جائے۔کشمیریوں سے یکجہتی کر کے قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ا مریکا اور انڈیا داعش کو پاکستام میں منظم کررہے ہیں تاکہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ختم کیا جا سکے۔جے پی،کانگریس سمیت تمام بھارتی جماعتوں کا کشمیر پر ایک موقف ہے کہ بھارتی فوج کا قبضہ برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا نے خوفناک ترین کھیل کشمیر کی آزادی کو روکنے کے لیے کھیل رہا ہے۔ افغانستان میں ایسے لوگوں کو کھڑا کیا جو پاکستان میں دہشتگردی کرکے آپس میں الجھارہے ہیں۔ا مودی ڈھاکہ میں جاکر کہتا ہے کہ مشرقی پاکستان کو توڑنے میں میرا خون بھی شامل ہے۔جو مشرقی پاکستان کا قاتل ہے ہم لاہور میں اس کا استقبال نہیں کرسکتے۔اب فیصلہ کرنا ہوگا بھارت ہمارا دوست نہین دشمن ہے۔

ہم نے کشمیرکو بھارت سے آزاد کروانا اور مشرقی پاکستان کا انتقام لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے۔آزاد کشمیر پر اللہ کا شکر اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کردار ادا کریں۔ میں کشمیری سیاست دانوں سے اپیل کرتا ہوں ضرور سیاست کریں مگر مقبوضہ کشمیر کی ازادی کے لیے ایک موقف رکھیں. اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مقامی رہنما عبدالرحمن ثاقب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم کشمیری عوام کے پشتیبان ہیں۔

تکمیل پاکستان کشمیر کے بغیر ناممکن ہے۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔سندھ کی عوام کے بھی دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں وہ دن دور نہی جب کشمیر بنے گا پاکستان اس موقع پر نظریہ پاکستان کے دیگر ذمہ داران خطیب اللہ ، فضل اللہ بھی شریک تھے۔یوم کشمیر کی مناسبت سے شہر بھر کے مختلف چوکوں چوراہوں پر ملٹی میڈیا کے ذریعہ مظلوم کشمیری عوام پر ڈھائے گئے ہندوستانی مظالم پر دستاویزی فلم دکھائی گئی۔

متعلقہ عنوان :