ذوالفقار احمد چیمہ کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک تعیناتی حکومت کا احسن اقدام ہے، چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل اکرم فرید

جمعرات 4 فروری 2016 22:08

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 فروری۔2016ء) چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل اسلام آباد ایم اکرم فرید نے ذوالفقار احمد چیمہ کی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا یہ ایک احسن اقدام ہے ان کی خدمات سے غیر تربیت یافتہ افراد ہنر اور فنی تعلیم وتربیت کے زیور سے آراستہ ہوکر ملک اور بیرون ملک مقابلے کی فضاء میں بطریق احسن اپنی مہارتیں استعمال کرسکیں گے۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں چیئرمین ایس ڈی سی نے کہا ہے کہ زبیر ہاشمی بطورڈی جی نیوٹیک اپنی شب وروز محنت سے ملک میں فنی تعلیم کے فروغ کے جذبہ سے سرشار ہیں۔ایسے اقدام ملک میں پھیلی بیروزگاری کے خاتمہ کے لئے ممد ومعاون ثابت ہوں گے اور نوجوان جو ہماری آبادی کا 60 فیصد ہیں ان کی فنی تربیت سے معیشت میں خاطر خواہ اضافہ کا باعث ہو گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ کونسل نے کہا کہ نیوٹیک کے زیر اہتمام ”سکل ڈویلپمنٹ“ کا مختلف شہروں میں مرحلہ وار انعقاد تاریخی پیشرفت ہے، ہنرمند ورکرزملک میں شروع چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری میں بدرجہ اتم اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022ء میں قطرمیں فیفا ورلڈکپ کی تیاری کے مراحل میں بھی ان کی فنی خدمات کے ذریعے زرمبادلہ کی ترسیل ممکن ہوگی۔ سکل ڈویلپمنٹ کونسل،این ٹی بی اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن باہمی اشتراک سے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنرمند افراد فراہم کرسکتے ہیں۔ایس ڈی سی ہنرمند ی کی تعلیم فروغ کرنے والاایک ایسا ادارہ ہے جس میں صنعت کاروں کے باہمی مشاورت کی بناء پر غیر ہنر مند افراد کو فن وپیشہ ورانہ تعلیم دی جاتی ہے۔

اس ضمن میں کیئر کونسلنگ ڈیسک اور جاب پلیسمنٹ سیل بھی قابل ذکر ہے۔ چیئرمین ایس ڈی سی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار احمد چیمہ ایک ایماندار اور پروفیشنل آفیسر ہیں جو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی دن دگنی اور رات چگنی ترقی کا باعث بنیں گے،ہمیں ان کی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے جن کی محنت سے پاکستان فنی تعلیم و تربیت کا گہوارہ بنے گا۔

متعلقہ عنوان :