ڈی ایٹ ممالک کے وزرائے تجارت کا اجلاس17فروری کو اسلام آبادمیں ہو گا

پاکستان، ایران، ترکی، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، مصر اور نائیجیریا کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے کیلئے مذاکرات کئے جائیں گے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان کی ڈی ایٹ ممالک کے سفیروں سے ملاقات، اجلاس کی تیاری سے متعلق آگاہ کیا

جمعرات 4 فروری 2016 22:07

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 فروری۔2016ء) ڈی ایٹ ممالک کے وزرائے تجارت کا اجلاس17فروری کو اسلام آبادمیں ہو گا۔ وزرائے تجارت کی میٹنگ کی صدارت پاکستان کے کرے گا جس میں ممبر ممالک کے درمیان ترجیحی تجارت کے معاہدے کیلئے مذاکرات کئے جائیں گے۔ ڈی ایٹ ممالک میں پاکستان، ایران، ترکی، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، مصر اور نائیجیریا شامل ہیں۔

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے ڈی ایٹ ممالک کے سفیروں سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں وزرائے تجارت کے اجلاس کی تیاری سے متعلق آگاہ کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر مسلم ممالک کے مابین تجارتی معاہدے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہے تاکہ ممبر ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تجارتی تنازعات کے حل کیلئے قوانین بنانے پر بھی مذاکرات کئے جائیں گے،مزید برآں رولز آف اوریجن پر مذاکرات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

2014-15میں پاکستان کی ڈی ایٹ ممالک کو کل برآمدات ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات تین ارب 67کروڑ ڈالر تھیں۔2014-15میں پاکستان نے ایران کو 3کروڑ ڈالر، ترکی کو 30کروڑ 92لاکھ ڈالر ،بنگلہ دیش کو 69کروڑ 76لاکھ ڈالر، انڈونیشیا کو 14کروڑ 32لاکھ ڈالر، ملائیشیا کو 20کروڑ 51لاکھ ڈالر، مصر کو 15کروڑ 9لاکھ ڈالر اور نائیجیریا کو 6کروڑ 67لاکھ ڈالر کی برآمدات کیں۔