نجکاری سے متعلق پی آئی اے کے ملازمین کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کسی بھی ملازم کو نوکری سے نکالنا ہماری حکومت کی پالیسی نہیں، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار

جمعرات 4 فروری 2016 22:06

دبئی ۔ 4 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 فروری۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بعض عناصر قومی ایئر لائن کی نجکاری سے متعلق پی آئی اے کے ملازمین کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کسی بھی ملازم کو نوکری سے نکالنا ہماری حکومت کی پالیسی نہیں۔ جمعرات کو دبئی میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ خفیہ ہاتھ پی آئی اے کے ملازمین نے نجکاری کے بعد ان کے روزگار کے تحفظ کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ حکومتی پالیسی کیخلاف ہے کہ پی آئی اے کے کسی ملازم کو گھر بھیجا جائے۔

ہم خسارے میں چلنے والے اس ادارے کو سٹرٹیجک پارٹنر شپ کے ذریعے منافع بخش ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے مظاہرے کے دوران پی آئی اے کے دو ملازمین کی ہلاکت کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ پی آئی اے میں بہتری کے حوالے سے حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 ماہ کے دوران قومی ایئر لائن کو مالی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے فضائی بیڑے میں تقریباً 22 نئے طیارے بھی شامل کئے گئے ہیں۔