آپریشن برق: بجلی چوروں کیخلاف چھاپوں کا سلسلہ جاری، 3000سے زائد غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے گئے

چھاپوں کے دوران ایک کال سینٹر، گارمنٹس فیکٹری اورکثیرالمنزلہ عمارت بجلی چور ی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، ترجمان کے لیکٹرک

جمعرات 4 فروری 2016 21:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) کے الیکٹرک کا آپریشن برق پوری قوت سے جاری ہے اورکے الیکٹرک کی ٹیم کی جانب سے بجلی چوری کے خاتمے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں دن و رات چھاپے مارے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی ٹیم نے 75مختلف مقامات پر چھاپے مارکر 3,200غیر قانونی کنکشن ہٹادیئے گئے ۔ گلشن اقبال بلاک 13-C میں واقع ایک کال سینٹر بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جہاں 30کلو واٹ بجلی غیر قانونی طریقے سے استعمال کی جارہی تھی۔

متعلقہ بجلی چور کیخلاف ایف آئی آربھی درج کرلی گئی جبکہ کورنگی کے علاقے گلشن لطیف اور بھٹائی کالونی میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف تین ایف آئی آر درج کرائی گئیں۔اسی علاقے میں واقع روزۃ اطفال ٹرسٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا جو جعلی میٹر نصب کرکے 12کلو واٹ بجلی غیر قانونی طور پر استعمال کررہا تھا ۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کی ٹیم کی جانب سے بجلی چوری میں ملوث تمام افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

کے الیکٹرک کی ٹیم کی جانب سے اورنگی، لیاری ، اتھل، بلدیہ اور سائٹ کے نادہندگان کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ۔ایک کثیرالمنزلہ عمارت سے بھاری واجبات کے باعث متعدد کنڈا کنکشن ہٹادیئے گئے جبکہ لیاری، آگرہ تاج اور نیا آباد کے نادہندگان کی جانب سے واجبات کی مد میں رقم کی ادائیگی بھی دیکھنے میں آئی ۔اس کے علاوہ لائنزایریا سے ملحق شہاب الدین مارکیٹ میں پڑے پیمانے پر کنڈوں کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا گیا جبکہ دیگر چھاپوں کے دوران سروس اسٹیشن اور گارمنٹس فیکٹری میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔

علاوہ ازیں بن قاسم، گڈاپ، جوہر، کورنگی، لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل کے رہائشی اور تجارتی بجلی چوروں کے خلاف میں متعدد چھاپے مارے گئے۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ،’’ کے الیکٹرک شہر بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف مسلسل کامیابی حاصل کررہی ہے ۔کے الیکٹرک ایک بار پھر اپنے معززصارفین کا شکر گزار ہے جن کی نشاندہی پر آپریشن برق میں مزید کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔‘‘

متعلقہ عنوان :