Live Updates

عمران خان میٹرو ٹرین پر تنقید کرکے سیاسی ناکامیوں کا بدلہ لینا چاہتے ہیں‘ ترجمان پنجاب حکومت

ملک وقوم کی تعمیر، نعرے بازی اورکھیل تماشوں سے نہیں ہوتی اسکے لئے کام کرنا پڑتاہے، عمران خان سنجیدہ سیاست کا طرز فکر اختیار کریں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے نقادبھی اس کی افادیت کے قائل ہو کر خیبرپختونخوا میں میٹرو بس چلانا چاہتے ہیں‘ سید زعیم حسین قادری کاتبصرہ

جمعرات 4 فروری 2016 21:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان کی اورنج لائن میٹرو پراجیکٹ پر تنقید عوام دشمنی کے مترادف ہے،ملک وقوم کی تعمیر، نعرے بازی اورکھیل تماشوں سے نہیں ہوتی۔اس کے لئے کام کرنا پڑتاہے۔سید زعیم حسین قادری نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہانعرے بازی اورالزام تراشی کی بجائے عمران خان سنجیدہ سیاست کا طرز فکر اختیار کریں۔

جھوٹے الزامات کی تکرار سے عوام اکتا چکے ہیں۔باشعور عوام تحریک انصاف کے طرز سیاست کو ناپسند کرتے ہیں۔ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے والے مخالفین کو پہلے بھی شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملا۔اب بھی عوام کی ترقی کے دشمن مایوس ہوں گے۔سید زعیم قادری نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواری پاکستان سے غربت کا خاتمہ اور عوام کی ترقی نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان میں تعمیروترقی کا حقیقی انقلاب لائے گی۔اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ عوام کی سفری سہولت اور ضرورت کے تحت بنایا گیا ہے۔ عمران خان محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے بیان بازی کرکے عوام دشمنی کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پر تنقید کرنے والے بھی اس کی افادیت کے قائل ہو کر خیبرپختونخوا میں میٹرو بس چلانا چاہتے ہیں۔عمران خان میٹرو ٹرین پر بے بنیاد تنقید کرکے سیاسی ناکامیوں کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات