موجودہ مشکل حالات میں پختونوں کااتفاق واتحادضروری ہے،سکندرشیرپاؤ

موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت بجلی خالص منافع کی آمدن صوبے کے حوالے کرے،سینئروزیرخیبرپختونخوا

جمعرات 4 فروری 2016 20:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ پختون مشکل حالات سے گزر رہے ہیں تاہم ان حالات پر قابو پانے کیلئے پختونوں کا اتفاق و اتحاد بہت ضروری ہے اور متحد ہوکر موجودہ حالات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان حالات میں قومی وطن پختون قوم کی شانہ بشانہ رہے گی اور ان کے حقوق و تحفظ کویقینی بنانے کیلئے اپنی تگ و دو جاری رکھے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں PK-17چارسدہ میں حیات محمد خان شیرپاؤ شہید کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سکندر شیرپاؤ نے شہید لیڈر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سنگین حالات سے نمٹنے اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حیات شہید کے جوش وجذبہ کی ضرورت ہے اور جس طرح انھوں نے پختونوں کے حقوق و تحفظ کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا اسی طرح ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پختون قوم کے حقوق و بہبود اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ گزشتہ کئی عشروں سے نازک دور سے گزر رہا ہے اور صوبے کے عوام و معیشت نہ صرف بری متاثر ہو چکی ہیں بلکہ یہاں کی پسماندگی میں حد درجے اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نہ صرف بجلی خالص منافع کی آمدن صوبے کے حوالے کرے بلکہ یہاں کی تباہ حال انفراسٹرکچر اور پسماندگی کے خاتمہ کیلئے خیبر پختونخوا کو بھرپور توجہ دے ۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی بد حالی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ، پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اورخطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ہماری تگ و دو جاری رہے گی۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے چیئرمین و معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی ،فقیر حسین لالا،حاجی فرمان،حامد خان ترنگزئی اورطارق خان کلاڈھیر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :