ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کیلئے صنعت کار برادری ہر فورم پر کردار ادا کرنے کوتیار ہے،سلیم الزماں

جمعرات 4 فروری 2016 19:25

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے قائم مقام صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کے ملکی و عالمی سطح پر فروغ کے لیے صنعت کار برادری ہر فورم پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ کاٹی میں “پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع“ کے موضوع پر نیشنل بینک آف پاکستان فلرٹن ایسٹ مینیجمنٹ لمیٹڈ(نافا) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ملکی معیشت کی ترقی کے لیے صنعتی و سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے موٴثر پالیسی سازی کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر نافا کے سی ای او اور سرمایہ کاری کے موضوع پر امریکا سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے ڈاکٹر امجد وحید نے ملکی و عالمی سطح پر معاشی حالات کے تناظر میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات اور مواقع کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہی فراہم کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے پالیسی سازی حکومت کی ذمے داری ہے، پاکستان میں ایسی پالیسی سازی کے دوران بزنس کمیونٹی کا کردار بطور اسٹیک ہولڈر قبول کرنے کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا توانائی کے پیداوار کے لیے حکومت نے موٴثر اقدامات کیے ہیں جس کے باعث صنعتی سرگرمیوں میں بہتری آنے کا امکان پیدا ہوا ہے، ساتھ ہی عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گرنے کی وجہ سے ہمارے ایکسپورٹ بل میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث شرح سود میں کمی ہوئی ہے اور نجی شعبے کی جانب سے قرضے لینے کا رجحان بھی بڑھا ہے، انھوں نے بتایا کہ بجٹ خسارے میں پانچ فی صد کمی ہوئی ہے ڈاکٹر امجد کا کہنا تھا کہ آئندہ برس کے دوران اسٹاک ایکسچینج کے حجم میں 15 صد اضافے کی توقع ہے، انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں معاشی شرح نمو ایک سطح پر جا کر رک جاتا ہے، جب کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں اس میں اضافے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت صرف 15فی صد سیونگ انویسٹمنٹ ہورہی ہے جب کہ بھارت اور چین میں یہ شرح بالترتیب 20اور 40فی صد سے زائد ہے اس موقع پر ڈاکٹر امجد وحید نے نافا سے متعلق شرکا کو تفصیلی معلومات فراہم کیں ان کا کہنا تھا کہ نافا میں آمدنی کے اعتبار سے ہر طبقے کے لیے سرمایہ کاری کے لیے بہترین مواقعے ترتیب دیے گئے ہیں ، اور ایسٹ مینجمنٹ میں اس کی کارکردگی دیگر مسابقتی اداروں سے کہیں آگے ہے۔ اس موقع پر کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امور بینکاری طارق ملک نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں کاٹی کے نائب صدر سید واجد حسین، سینیر ارکان ، زبیر چھایا ،اکبر فاروقی ،عبدالسمیع خان سمیت صنعت کاروں اور کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :