سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پوری کرنیوالے سلمان بٹ اور محمد آصف کیریبین لیگ میں کھیلنے کیلئے پرجوش

جمعرات 4 فروری 2016 13:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء)اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی کھلاڑی سلمان بٹ اور محمد آصف جولائی میں شروع ہونے والی کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیلنے کیلئے پرجوش اور پرامید ہیں کہ انہیں پانچ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر جلوہ گر ہونے کا موقع مل جائے گا۔ دونوں کھلاڑیوں کا خیال ہے کہ انہیں کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیلنے کا چانس مل گیا تو اس کے سہارے وہ قومی ٹیم میں واپسی کو بھی یقینی بنا سکیں گے کیونکہ ہیڈ کوچ وقار یونس بھی اس بات کی نشاندہی کر چکے ہیں کہ اپنی کارکردگی اور فٹنس کی بدولت دونوں کھلاڑیوں پر پاکستانی ٹیم کے دروازے کھل سکتے ہیں۔

سلمان بٹ پرامید ہیں کہ انہیں کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیلنے کیلئے پی سی بی کی جانب سے اجازت مل جائے گی۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس ستمبر میں جب ان کی پابندی کا خاتمہ ہوا تو پی سی بی نے انہیں دنیا کی کسی بھی لیگ میں کھیلنے کیلئے بھی کلیئر کر دیا تھا لہٰذا وہ اس بات کا استحقاق رکھتے ہیں کہ کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیل سکیں جو ان کیلئے قومی ٹیم میں ایک بار پھر واپسی کا بہترین ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔

فاسٹ بالر محمد آصف بھی اسی خیال کے حامل ہیں کہ اگر انہیں کیریبین پریمیئر لیگ میں کھیلنے کا موقع ملا تو ورلڈ کلاس بالرز کیخلاف کھیل کر وہ اپنا ردھم بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیریبین لیگ انہیں ایک بہترین موقع فراہم کرے گی کہ وہ عالمی کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کے سامنے کھیلنے کے بعد اپنا وہی پرانا ردھم بحال کر لیں جس کے سہارے وہ ایک بار پھر پاکستانی ٹیم میں اپنی واپسی کو ممکن بنا سکیں گے۔