داعش کے حملے روکنے کے لیے بغداد کے گرد دیوار کی تعمیر شروع

جمعرات 4 فروری 2016 12:10

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) عراق میں شدت پسند تنظیم داعش، کے حملے روکنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت بغداد کے گرد دیوار کی تعمیر شروع کر دی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق۔ 300 کلومیٹر دیوار شہر کے چاروں اطراف میں تعمیر کی جائے گی۔بغداد کے آپریشنز کمانڈ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل عبدالامیر الشمری کے مطابق بغداد کے گرد حفاظتی حصار دہشت گردوں کو دارالحکومت میں داخلے یا دھماکا خیز مواد اسمگل کرنے اور کار بم دھماکوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے سے روکے گا۔

(جاری ہے)

دیوار کے ساتھ ساتھ دومیٹر گہری خندق بھی کھودی جائے گی۔ نگرانی کے لیے کیمرے ، دھماکاخیز مواد جانچنے کے آلات اور ٹاورز بھی نصب کیے جائیں گے۔عبدالامیر الشمری کے مطابق دارالحکومت کے کئی حصوں میں کنکریٹ کے حفاظتی بیریئر موجود ہیں۔ ان میں کچھ کو شہر کی گلیوں سے نکال کر نئے حصار کے طور پر بھی لگایا جائے گا۔ اس دیوار کی تعمیر مکمل ہونے کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔خیال رہے کہ دولت اسلامیہ عراق کے شمالی اور مغربی علاقوں پر قابض ہے اور اس نے حال ہی میں بغداد میں ہونے والے کئی حلموں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔گذشتہ ماہ بغداد کے ایک شاپنگ سینٹر میں ہونے والے حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :