دولت اسلامیہ کے جنگجو لیبیا میں پناہ لے رہے ہیں‘ انٹیلی جنس اہلکار

جمعرات 4 فروری 2016 12:07

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) لیبیا کے ایک انٹیلی جنس اہلکار کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند ماہ میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے کئی سینیئر کمانڈروں نے عراق اور شام سے آکر لیبیا میں پناہ لے رکھی ہے۔اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ بہت سے غیر ملکی جنگجو لیبیا کے شہر سرت پہنچ رہے ہیں۔لیبیا میں دولت اسلامیہ کے بڑھتے خطرے سے نبردآزما ہونے کے لیے 23 ممالک کے نمائندوں نے منگل کو اٹلی کے شہر روم میں ملاقات کی ہے۔

لیبیا میں حریف انتظامیہ کے درمیان اختلاف ہونے کی وجہ سے دولت اسلامیہ کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کی جا سکی ہے۔سرت سابق لیبیائی رہنما معمر قذافی کا آبائی شہر ہے۔ قیاس ہے کہ دولت اسلامیہ کو قذافی کے کچھ وفاداروں کی طرف سے مدد مل رہی ہے۔

(جاری ہے)

مصراتہ شہر میں انٹیلی جنس کے سربراہ اسماعیل شکری کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں غیرملکی جنگجووٴں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

’سرت میں دولت اسلامیہ کے بیشتر جنگجو غیر ملکی ہیں، 70 فیصد کے لگ بھگ۔ اس میں سب سے زیادہ تیونس، اس کے بعد مصری، سوڈانی اور چند الجزائری جنگجو شامل ہیں۔‘وہ کہتے ہیں: ’اس کے ساتھ ہی یہ بات کہ عراق اور شام سے جنگجو بھی اس میں شامل ہو رہے ہیں۔ عراقی جنگجووٴں میں زیادہ تر صدام حسین کی تحلیل کی گئی فوج کے فوجی شامل ہیں۔اسماعیل شکری کا کہنا ہے کہ دولت اسلامیہ کے سینیئر کمانڈروں نے عراق اور شام میں بین الاقوامی فضائی حملوں کے دباوٴ کے پیش نظر لیبیا میں پناہ لے رکھی۔

وہ کہتے ہیں: ’دولت اسلامیہ کے ساتھ طویل وقت سے منسلک جنگجو لیبیا کو محفوظ سمجھتے ہیں اس لیے وہ یہاں پناہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب مصراتہ میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ سرت میں دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :