لاہور: شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں آتشزدگی، 4 کمسن بچے جاں بحق

جمعرات 4 فروری 2016 12:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 فروری۔2016ء) لاہور کے علاقے سبزہ زار کے قریب حسن ٹاوٴن میں شارٹ سرکٹ سے کمرے میں آگ لگنے کے باعث تین کمسن بھائی اور ایک بہن جاں بحق ہو گئی۔ بچوں کی عمریں تین سے آٹھ سال کے درمیان تھیں۔حکا م کے مطا بق حسن ٹاوٴن میں یہ المناک حادثہ محنت کش طارق شہباز کے گھر پیش آیا۔ ماں اور پانچ بچے کمرے میں سو رہے تھے جبکہ طارق ڈیوٹی پر فیکٹری گیا ہوا تھا۔

لوڈ شیڈنگ کے بعد بجلی آئی تو شارٹ سرکٹ سے کمرے میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے کمرے میں پڑا گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔ آگ نے تمام بچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ محلے داروں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی اور بچوں کو جناح اسپتال منتقل کیا لیکن چاروں کمسن بہن بھائی 8 سالہ عثمان، 7 سالہ نستعین، 6 سالہ ارسلان اور 3 سالہ حنان راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

حادثے کے بعد گھر کے باہر المناک مناظر دیکھنے میں آئے۔ پھولوں کی موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور سب غم زدہ تھے۔ بچوں کی ماں کا کہنا ہے کہ سب بجلی جانے کے بعد سو گئے۔ آنکھ کھلی تو گھر میں آگ لگی تھی۔ بچوں کے والد طارق شہباز کے مطابق وہ فیکٹری سے لوٹا تو سب کچھ ختم ہو چکا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی اور بچوں کے والدین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 نے ان کی فون کالز کا بروقت جواب نہیں دیا، اگر وہ صحیح وقت پر یہاں پہنچتے تو بچوں کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ پانچ سے دس سال کی عمر کے 5 بچے مکان کی دوسری کے کمرے میں سورہے تھے کہ اسی دوران اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دو بچے موقع پر ہلاک اور تین شدید زخمی ہوئے۔زخمی بچوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ، جبکہ پانچواں بچہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔ ادھرپولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت گھر میں بچوں کے والدین موجود نہیں تھے۔

متعلقہ عنوان :