ایک ٹکٹ میں دو افراد کیسے فلم دیکھ سکتے ہیں؟ انتہائی حیرت انگیز طریقہ

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 4 فروری 2016 00:05

ایک ٹکٹ میں دو افراد کیسے فلم دیکھ سکتے ہیں؟ انتہائی حیرت انگیز طریقہ

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3فروری۔2016ء)دودوستوں نے صرف 9 ڈالر بچانے کے لیے مووی تھیٹر میں گھسنے کے لیے بہت ہی حیرت انگیز طریقہ اپنایا۔ایک دوست نے دوسرے دوست کو مفت میں مووی تھیٹر میں گھسانے کےلیے اسے اپنے کپڑوں کے نیچے چھپا لیا۔ انہوں نے اس سارے واقعے کی فلم بنا کر یوٹیوب پر بھی ڈال دی۔یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کے مطابق بو جونسن اپنے دوست میتھو کو مووی تھیٹر میں لے جانے کےلیے کپڑوں میں چھپانے کی مشق کرتا ہے۔

جونسن نے جب میتھو کو اپنی کمر پر ”پہنا“ تو یہ کافی غیر حقیقی لگا۔ کئی طریقے استعمال کرنے کے بعد اس نے میتھو کو اپنے پیٹ پر ”پہننے“ کا فیصلہ کیا۔جونسن نے میتھو کو اپنے جسم سے چپکا کر اوپر کپڑے پہن لیے اور چلنے کی مشق شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

کافی دیر بعد جب جونسن بغیر ہلائے میتھو کو لے کر چلنے کے قابل ہو گیا تو انہوں نے تھیٹر جانے کا پروگرام بنایا۔

جونسن نے مووی تھیٹر کی پارکنگ میں میتھو کو دوبارہ خود سے لپٹا کر خود پر بڑے سے کپڑے پہن لیے، جنہیں پہن کر یوں محسوس ہوتا تھا کہ جونسن کافی موٹا ہے،جس کی توند کافی آگے تک نکلی ہوئی ہے۔ اس دوران ایک دوست دور کھڑا ان کی ویڈیو بناتا رہا جبکہ ایک اور دوست نے ٹکٹ خریدے۔ٹکٹ چیکنگ کے بعد جیسے ہی وہ اندر لفٹ میں پہنچے میتھو اچھل کر باہر آگیا۔

اس پر فلم بنانے والے دوست نے کہا کہ اسے تو اس طریقے کی کامیابی پر یقین ہی نہیں آرہا۔ ریڈٹ پر اس ویڈیو کو دیکھ کر ایک صارف نے کہا کہ ٹکٹ فروخت کرنے والے کے تاثرات سے لگتا تھا کہ اسے 90 فیصد تک کسی گڑبڑ یقین ہے مگر 10 فیصد شرمندگی کےخوف سے وہ چپ رہا۔ میتھو کا کہنا ہےکہ کسی شخص کو کپڑوں میں چھپا کر فلم دکھانے کےلیے لے جانے کی یہ پہلی کوشش نہیں تھی۔ اس سے پہلے بھی ایک شخص بڑے سے فرنچ کوٹ کے نیچے دوسرے شخص کو چھپا کر لے جا چکا ہے۔