ایڈمرل محمد ذکا ء اﷲ کی مصرکی نیوی کے کمانڈراِن چیف سے ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیا ن تعاون پر تبادلہ خیال

بدھ 3 فروری 2016 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ ان دنوں مصر کے سرکاری دورے پر ہیں ۔دورے کے دوران ایڈمرل محمد ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے آج مصرکی نیوی کے کمانڈر اِن چیف ریئر ایڈمرل اسامہ مونیئر محمد رابی (Ossama Moneir Mohamed Rabie)سے ملاقات کی ۔ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ کی آمد پر مصرکی نیوی کے کمانڈر اِن چیف ریئر ایڈمرل اسامہ مونیئر محمد رابی نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ کو اعزازی سلامی پیش کی گئی ۔اپنے ہم منصب سے ملاقات کے دوران ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پائے جانے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جس میں کمبائنڈ میری ٹائم کمپین پلان میں شمولیت اور بحری قزاقی کو روکنے کے آپریشنز شامل ہیں میں پاکستان کے عزم او ر کار کردگی پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان نیوی کی کثیرالملکی ٹاسک فورسز150-اور151کی پاکستان نیوی کی جانب سے کی جانے والی کمانڈز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں، پاک بحریہ کے سربراہ نے گمنام سیلر کے مقبرے کا دورہ کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ امید کی جاتی ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ کے اس دورے سے بالعموم دونوں ملکوں اور بلخصوص دونوں ممالک کی نیویز کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ ہو گا