جمعیت علماء پاکستان نظام مصطفےٰ ؐ کی جدوجہد جاری رکھے گی،قوم پرچم نبوی ؐتلے متحدہوجائے،قاضی احمدنورانی

بدھ 3 فروری 2016 22:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء ) جمعیت علماء پاکستان نظام مصطفےٰ ؐ کے نفاذکی جدوجہد جاری رکھے گی، قوم پرچم نبوی تلے متحدہوجائے،پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے نوجوانوں کو آگے آناچاہئے، یہ باتیں جے یوپی کراچی کے کنوینئر علامہ قاضی احمدنورانی نے تنظیم سازی کے سلسلے میں ضلع غربی کے دورے کے موقع پر سرجانی میں سابق ضلعی نائب صدرملک محمدرشید کی رہائش گاہ پر علاقائی ذمہ داران سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں تنظیم سازی کی جارہی ہے، ملک بھر میں نوجوانوں کو منظم کررہے ہیں ،جمعیت علماء پاکستان ملک میں اہلسنّت وجماعت کی نمائندہ سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے ،جو ملک میں نظام مصطفےٰ ؐ کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نظام مصطفےٰؐ ہی ملک اور قوم کو درپیش تمام مسائل کاحل ہے،قوم اگر مسائل ،مصائب اور مشکلات سے چھٹکاراحاصل کرناچاہتی ہے تو جے یوپی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائے۔

وہ دن دورنہیں جب ملک نظام مصطفےٰ ؐکی بہاروں سے لہلہائے گا۔علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی نے کراچی ایئرپورٹ پر افسوسناک واقعے کی شدیدمذمت اور جاں بحق ملازمین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت واقعے کی منصفانہ تفتیش کرے اور ملوث عناصر کو قرارواقعی سزادلوائی جائے اور جاں بحق ملازمین کے اہل خانہ کے ساتھ انصاف کیاجائے۔اس موقع پرمحمدشکیل قاسمی، محمدرفیق قادری، عبدالغفارشیخ، یوتھ ونگ کے صاحبزادہ شیرازقاسمی ،عمر رشید،محمدعثمان ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

متعلقہ عنوان :