ملاکنڈ میں 26پرانی اور 22نئی ایریگیشن سکیموں کی تکمیل سے زرعی شعبہ سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئے گی، سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ کا بریفنگ سے خطاب

بدھ 3 فروری 2016 22:37

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء ) خیبر پختونخواکے سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ایریگیشن سرکل ملاکنڈ میں 26پرانی اور 22نئی ایریگیشن سکیموں کی تکمیل سے زرعی شعبہ سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری آئے گی ،وہ بدھ کے روز ایس ای ایریگیشن کے دفتر گل کدہ سوات میں منعقدہ بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

اس موقع پر سابق سینٹر شجاع الملک ،کیو ڈبلیو پی کے ڈویژنل صدر فضل رحمان نونو،ضلعی صدر شیر بہادر خان ،پارٹی کے دیگر عہدیدار وکارکنان اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔سکندر خان شیرپاؤ نے کہا کہ ان سکیموں کے علاوہ لنڈاکی تا ڈھیرئی فلڈ پروٹیکشن سروے بھی کیا جا رہا ہے جس کے تحت سوات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کردہ حفاظتی دیواروں اور پشتوں کا سروے کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سکندر خان شیرپاؤ نے دورہ سوات کے دوران فضاگٹ مینگورہ میں 19ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ایریگیشن سکیم کا بھی باضابطہ افتتاح کیا جس میں 1000میٹر لمبی دیوار کی تعمیر کے علاوہ13پشتے بھی بنائے جائیں گے جن کے نتیجے میں مینگورہ کالام سڑک ،فضاگٹ پارک اور فضاگٹ نہر کی مستقل بنیادوں پر حفاظت یقینی ہو جائے گی ۔اس سے قبل سینئر صوبائی وزیر نے خپل کور ماڈ ل سکول کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر خپل کور محمد علی خان نے ان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ اس ادارہ میں تقریباً700یتیم طلباء وطالبات کی تعلیم و تربیت اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے مناسب سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

انھوں نے مستقبل کے بڑے بڑے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی ۔سکندر حیات خان شیرپاؤ نے سوات پہنچنے پر پارٹی کے تنظیمی امور کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ملاکنڈ ڈویژن کو بھی پاک چین اقتصاد ی راہداری منصوبے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔انھوں نے کہاکہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے ،انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردی اور قدرتی آفات کے نتیجے میں بہت زیادہ متاثر ہوا ہے لہٰذا مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ نہ صرف صوبہ کے جائز بقایاجات بروقت ادا کرے بلکہ خصوصی فنڈز بھی فراہم کرے ،انھوں نے مطالبہ کیا کہ صوبہ میں گیس اور بجلی کے مسائل بھی کم کئے جائیں کیونکہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں اس صوبہ کے غریب عوام کا روزگار مزید متاثر ہوتا ہے ،سکندر شیرپاؤ نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ گھر گھر جاکر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور لوگوں کو پختونوں کی ترقی کے اس قافلے میں جوق درجوق شامل کریں۔

اپنے دورے کے دوران سکندر شیرپاؤ نے ائیر پورٹ روڈ پر پارٹی دفتر کا افتتاح بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :