جماعۃالدعوۃ سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں زیر اہتمام کل یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا

لاہور اور اسلام آباد میں پریس کلب کے باہر جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا ،سکولز، کالجز،یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے طلباء ، وکلاء، تاجروں ، صنعتکاروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرینگے

بدھ 3 فروری 2016 22:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء ) جماعۃالدعوۃ پاکستان سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کی اپیل پرکل جمعہ 5فروری کو آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا، اس سلسلہ میں لاہور اور اسلام آباد میں پریس کلب کے باہر بڑ ے جلسے ہوں گے جبکہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، ساہیوال، ملتان،کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور سمیت پورے ملک میں کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں سکولز، کالجز،یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے طلباء ، وکلاء، تاجروں ، صنعتکاروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

حافظ محمد سعید 5فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

بروز ( جمعرات ) کو میر پور آزاد کشمیر میں بھی یکجہتی کشمیر کانفرنس ہوگی۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے آج ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ امیر جماعۃالدعوۃ پروفیسرحافظ محمد سعیدکی ہدایات پر ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں و انتظامات کئے گئے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں پریس کلب کے باہر جلسہ سے مختلف مذہبی ، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ لاہور کے مختلف مقامات سے جماعۃ الدعوۃ کے مقامی ذمہ داران قافلوں کی قیادت کرتے ہوئے پریس کلب کر یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں جلسہ میں شریک ہوں گے ۔جماعۃالدعوۃ کی طرف سے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ملک بھر میں زبردست مہم چلائی جارہی ہے ۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کی طرح پورے ملک میں اشتہارات، بینرز اور ہورڈنگز لگائے گئے ہیں جس پر عوام الناس میں کشمیر کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں میں شرکت کیلئے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ جماعۃالدعوۃ نے خصوصی طور پردرجنوں کی تعداد میں فلوٹس تیار کئے ہیں جن کے ذریعہ لوگوں کویکجہتی کشمیر کے حوالہ سے پروگراموں میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔

امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں کراچی سے پشاور تک ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور کشمیر کارواں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ دنیا کو مضبوط پیغام دیا جاسکے کہ پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی جارحیت کے خلاف متحد وبیدار ہے اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں کشمیر کارواں ، جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعہ کشمیری بھائیوں کا پیغام دیا جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے۔کشمیری مسلمان پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااﷲ کا نعرے لگاتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں تو پاکستانی قوم بھی کشمیریوں سے اسی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وابستہ ہے ۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مظلوم کشمیریوں کی غاصب بھارت سے آزادی کیلئے ہر ممکن کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :