لاہورمیں موجود ڈسپنسریز کو فلٹر کلینکس کا درجہ دینے کی تجویز زیر غور ہے، نجم احمد شاہ

بدھ 3 فروری 2016 22:06

لاہور۔3 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 فروری۔2016ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے ورک لوڈ کو کم کرنے اور مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترسہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے شہرمیں موجود ڈسپنسریز کو علاقے کے اعتبار سے متعلقہ ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ منسلک کرنے اور ان ڈسپنسریز کو فلٹر کلینکس کا درجہ دینے کی تجویز زیر غور ہے اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ (CDGL)کے ساتھ اس سلسلہ میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میو ہسپتال ایک تاریخی اور سب سے بڑا ہسپتال ہے جسے عوام کے اعتماد پر پورا اتارنے کے لئے اہم اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات میو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر امجد شہزاد نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال کی ورکنگ،سٹاف کی کمی اور ورک لوڈ کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر پروفیسر اسد اسلم خان، پروفیسر ابرار اشرف،پروفیسر صداقت، ڈاکٹر خلیل طاہر،ڈاکٹر عتیق،چیف پلاننگ آفیسرمحکمہ صحت عبدالحق بھٹی اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر امجد شہزاد نے بتایا کہ میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں روزانہ تین ہزار سے زائد اور آؤٹ ڈور میں چھ ہزار سے زائد مریض علاج کے لئے آتے ہیں جبکہ سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور سٹاف کی کمی ہے۔ڈاکٹرامجد شہزاد نے بتایا کہ ہسپتال کی عمارت پرانی ہے جس کی وجہ سے مینٹیننس کے مسائل کا سامنا بھی رہتا ہے۔سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ میو ہسپتال کے تمام معاملات کا جائزہ لینے کے لئے ایک کور گروپ تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے ہسپتال میں آنے والے مریضوں،آپریشن،لیبارٹری ٹیسٹوں اور بیماریوں کے حساب سے ورک لوڈ کا ڈیٹا تیار کرنے کے لئے PITB کے تعاون سے آئی ٹی سسٹم وضع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور سپیشلسٹ کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے پبلک سروس کمیشن کو فوری ریکوزیشن بھجوانے کی ہدایت کی۔دریں اثناء سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے زیر تعمیر سرجیکل ٹاور کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا ۔

اس موقع پر کنٹریکٹر زاہد قریشی،ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو لیاقت حسین،پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ابرار اشرف،پروفیسر صداقت علی اور ایم ایس ڈاکٹر امجد شہزاد بھی موجود تھے۔نجم احمد شاہ نے منصوبے کی ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کے لئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔