علامہ سبطین سبزواری کی پی آئی اے ملازمین پر تشدد کی مذمت، قومی اداروں کی بندر بانٹ کی پالیسیاں واپس لینے کا مطالبہ

جماعتی سیاست سے بالاترنجکاری پر اپوزیشن پارلیمنٹ میں مشترکہ حکمت عملی اپنائے، صدر اسلامی تحریک پنجاب کی گفتگو

بدھ 3 فروری 2016 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) اسلامی تحریک پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری اورسیاسی سیل کے چیرمین میاں فرزند علی چھچھر نے پی آئی اے ملازمین پر بہیمانہ پولیس تشدد اور شہادتوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی اداروں کی بندر بانٹ سے حکمرانوں کی تجوریاں بھریں گی۔ ملک اور عوام کو کچھ نہیں ملے گا۔حکومت اپنی ظالمانہ پالیسیوں کو واپس لیں، کرپشن بند کریں ۔

کہیں مزدور تحریک اقتدار کے خاتمے کا باعث نہ بن جائے۔ اسلامک ایمپلائز ویلفیر آرگنائزیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک مزدوروں کی نجکاری کے خلاف جاری تحریک میں ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منافع بخش اداروں کی فروخت حکمرانوں کے پرانے ہتھکنڈے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے یونائیٹد بینک، حبیب بینک ، مسلم کمرشل اور دیگر بینکوں کی نجکاری میں بھی اپنے من پسند افراد کو نوازا گیا۔

جبکہ پی ٹی سی ایل جس کمپنی کو فروخت کیا گیا، ان سے 800۔ ارب روپے ابھی تک وصول نہیں کئے جاسکے۔ ان کاکہنا تھا کہ حکومتی وزرا اور خود وزیر اعظم نے پی آئی اے کے مسئلے پر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہیں اشتعال انگیز بیانات نہیں دینے چاہیں تھے۔ پی آئی اے کو اس وقت لازمی سروس گروپ میں شامل کیا گیا جب ملازمین احتجاج کررہے تھے۔جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ عاقبت نااندیش وزرا نہیں چاہتے کہ میاں نواز شریف اپنی مدت اقتدار پوری کریں۔ پہلے بھی انہیں دوستوں نے ہی نقصان پہنچایا تھا۔علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ نجکاری کے مسئلے پر اپوزیشن پارلیمنٹ میں احتجاج کرنے کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی بھی اپنائے، جماعتی سیاست سے بالاتر ہوکر فیصلے نہ کئے گئے تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔