سکول سیکورٹی کے حوالے سے پیف پارٹنرزحکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآ مد کریں، طارق محمود

بدھ 3 فروری 2016 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) حکومت پنجاب اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے حوالے سے جاری شدہ ہدایات پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سکول پارٹنر ز مکمل عمل درآمد کریں تا کہ طالب علموں وا ساتذہ کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ بات پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر طارق محمود نے آج اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔

اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی(آپریشنز ) طارق رفیق اور پروگرام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طارق محمود نے کہا کہ پارٹنر سکولوں کے طالب علموں اور اساتذ ہ کی حفاظت کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کروایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سکول مالکان مقامی کمیونٹی او ر پولیس سے بھی مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا منصوبہ ضروری وسائل سے محروم ان بچوں کی زندگی بدل ڈالے گااور حکومتی سپورٹ سے یہ بچے علم کی دولت سے لیس ہو کرمعاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ان بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ حکومت کی اعلان کر دہ تمام سہولتیں بھی مہیا کر ے گی۔

انہوں نے مزیدکہا کہ چولستان کے صحرا میں آباد خانہ بدوشوں کے بچوں کی مفت تعلیم کے لیے موبائل سکولنگ پروجیکٹ لانچ کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دس موبائل سکول قائم کیے گئے ہیں۔اجلاس نے اس امر پر اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سیکنڈری پارٹنر سکولوں کی بورڈ رجسٹریشن و امتحانی فیس معاف کر دی گئی ہے۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ پارٹنر سکولوں کی سہولت کے لیے آن لائن کمپلینٹ میکنزم قائم کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پرشرکاء نے بے وسیلہ بچوں کی تعلیم کے ذریعے بحالی کے منصوبوں کو قومی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ ان پالیسیوں سے افتاد گان خاک کو ترقی کے قو می دھارے میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے۔