نجکاری کے خلاف پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین کی شہادت حکومت کے خاتمے کا سبب بنے گی، پیر معصوم نقوی

پرویز رشید، خواجہ آصف جیسے وزرا کی موجودگی میں نواز شریف کو دشمنوں کی ضرورت نہیں ، سربراہ جے یو پی نیازی کی گفتگو

بدھ 3 فروری 2016 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) جمعیت علماپاکستان نیاز ی کے سربراہ پیرسید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ نجکاری کے خلاف ہڑتال کرنے والے پی آئی اے کے ملازمین کی شہادت مسلم لیگ ن کی ظالمانہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنے گی۔ پرویز رشید اور خواجہ آصف جیسے وفاقی وزرا،وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ہوں گے تو انہیں دشمنوں کی ضرورت نہیں ۔

جے یو پی لیبر ونگ کے اجلاس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ مزدوروں کی تحریکیں حکمرانوں کو لے ڈوبیں گی۔ پی آئی اے کی تباہی کے ذمہ دار تاجر انہ ذہنیت کے حامل حکمران اور کرپٹ افسران ہیں، مزدور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ملازمین کی شہادت سے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف جاری تحریک میں ناحق خون شامل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکمران پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کے تکبر سے باہر نکلیں تو انہیں عوام اور اپوزیشن بھی یاد آئے گی۔

ورنہ بیوروکریسی کی سب اچھا ہے کی رٹ نے ان کی آنکھوں پر پٹی باند ھ رکھی ہے، جوان کی تباہی کا باعث ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جمہوری ملک ہے ،جس کے فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، مگر نواز شریف اپنے رشتہ داروں کو نوازنے کے لئے صدرممنون حسین سے من پسند آرڈینیس جاری کروا کر انہیں بھی بدنام کررہے ہیں۔ تاکہ ملکی دولت پہلے خود لوٹی تھی ، اب رشتہ داروں میں باقی ماندہ اداروں کو تقسیم کرکے تباہی لانا چاہتے ہیں۔